کتاب: محدث شمارہ 358 - صفحہ 56
ابن عدی رحمۃ اللہ علیہ نے کہا کہ وہ میرے ہاں مستقیم الحدیث ہے مگر اس کی حدیث میں ، اس کی اسانید و متون میں اغلاط ہیں ۔ وہ عمدًا جھوٹ نہیں بولتا۔ سابقہ حدیث کی متابعت میں پیش کردہ روایت مع مکمل سند پیش خدمت ہے: امام احمد بن حنبل رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں : حدثنا هاشم قال حدثنا لیث عن معاویة بن صالح عن عبدالرحمٰن بن جبیر عن أبیه قال سمعتُ أبا ثعلبة الخشني صاحب رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم أنه سمعه یقول وهو بالفسطاط في خلافة معاویة، و کان معاویة أغزی الناس القسطنطینیة، فقال: واللّٰه لا تَعْجِزُ هذه الأمة من نصف یوم إذا رأیتَ الشامَ مائدةَ رجل واحدٍ و أهل بیته فعند ذلك فتح القسطنطینیة [1] محترم ڈاکٹر دامانوی صاحب نے اس کا ترجمہ یوں کیا ہے: سیدنا جبیر بن نضیر بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی سیدنا ابو ثعلبہ خشنی کو اس وقت فرماتے سنا جب کہ وہ خیمہ میں تھے اور یہ معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کا زمانہ تھا اور سیدنا معاویہ رضی اللہ عنہ اس وقت لوگوں کو قسطنطنیہ پر لشکر کشی کے لئے روانہ فرما رہے تھے۔ پس اُنہوں نے فرمایا: اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ اس اُمت کو آدھے دن کے بقدر بھی عاجز نہیں کرے گا اور جب تو شام میں ایک شخص اور اس کے گھر والوں کے لیے ایک دستر خوان دیکھے تو اس وقت قسطنطنیہ فتح ہوگا۔ درج بالا حدیث میں ’اُنہوں نے فرمایا‘سے مراد حضرت ابو ثعلبہ خشنی ہیں ۔جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ حدیث مرفوعاً بھی مروی ہے: حدثنا موسٰى بن سهل: حدثنا حجاج بن إبراهیم: حدثنا ابن وهب: حدثني معاویة بن صالح عن أبي ثعلبة الخشني قال: قال رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وسلم : (( لن یُّعْجِزَ اللّٰهُ هٰذهِ الأمّة مِن نصف یوم)) [2]
[1] امام احمد بن حنبل: المسند: بیت الافکار الدولیۃ، الاردن: طبع چہارم: 4/193 [2] سنن ابو داؤد: ابو داؤد، سلیمان سجستانی، کتاب الملاحم، حدیث: ۴۳۴۹: دارالسلام، الریاض: ۱۹۹۹ء، ص ۶۱۱