کتاب: محدث شمارہ 357 - صفحہ 9
امریکی صدر کا یہ بیان اس طرزِفکر، حفاظت اور تائید کا بھرپور عکاس ہے جس سے فائدہ اُٹھا کر پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کو پامال کرنے کی مذموم کوشش جاری ہیں ۔یہ موقف اکیلے امریکی صدر کا ہی نہیں، بلکہ 2006ء میں پاپائے روم پوپ بینی ڈکٹ شانز دہم نے جرمنی کے دورہ کے موقع پر اسلام کے خلاف دریدہ دہنی یوں کی تھی کہ ’’اسلام کا تصورِ جہاد خدا کے مقاصد اور فطرت کے خلاف ہے، اسلام تلوار کی نوک سے ہی پھیلا ہے، مسلمان وحشیانہ پن کے اندھیروں سے باہر نکلیں۔‘‘ ظاہر ہے کہ مذہب اور ریاست کی نامور ترین شخصیات کے اس نوعیت کے بیانات کے بعد مغربی اقوام کے ان اقدامات کو کوئی نادان شخص ہی ، ان کے انفرادی فعل قرار دے کر اپنے آپ اور مسلمانوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرے گا۔ پھر ان جرائم کےخلاف جو مضحکہ خیز سزائیں مغربی عدالتوں نے دی ہیں، یا اُن کو جس طرح وسیع پیمانے پر مغربی قوموں نے پھیلایا ہے، اور ابھی تک اپنے بد عزائم پر مُصر نظرآتے ہیں، اس سے ان کے قومی رجحانات پوری طرح آشکارا ہوجاتے ہیں۔ ستمبر2012ء میں یہودی لابی کی تائید سے تیار ہونے والی شانِ رسالت میں گستاخی پر مبنی فلم پر عالم اسلام میں شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔11 ستمبر کو لیبیا میں امریکی سفیر کی ہلاکت سے لے کر، دنیا بھر کے امریکی سفارتخانوں کے سامنے کیا جانے والا مسلمانوں کا احتجاج ، اس غم وغصّہ کو ظاہر کرتا ہے جومسلم اُمّہ میں اس مکروہ فلم کے بارے پایا جاتا ہے۔ میڈیا پر چھائے ہوئے دانش ور ، اس احتجاج کے غیرموزوں اور نامناسب ہونے کا دُکھڑاروتے نظر آئے ،لیکن غالباً اُن کے مرعوب ذہنوں نے اس فلم پر احتجاج کے ذریعے مسلمانوں میں امریکہ کے خلاف پائی جانے والی شدید نفرت کا ادراک نہیں کیا۔امریکہ اپنی رعونت وبربریت کا جو اظہار کئی برسوں سے لگاتار کرتا چلا آرہا ہے، مسلم اُمّہ کے نوجوان اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، اس پر طرہ کہ امریکی پادری اور یہودی لابی کی دہشت گردی نے اس غم وغصّہ کو شعلہ جوالہ کردیا۔ جن لوگوں کو اس احتجاج میں شریک ہونے کا موقع ملا یا جو براہِ راست ان مناظر کو دیکھ پائے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کے اُمّتیوں میں کیسا غم وغصّہ تھا ، جو وہ اپنے راستے میں آنے والی ہر امریکی علامت کو ختم کردینے پر تلے ہوئے تھے۔ مسلم دنیا میں ان دنوں ہونے والا احتجاج ، بظاہر اس فلم کے حوالے سے ہے، لیکن یہ درحقیقت امریکی جبر وبربریّت کے خلاف مسلمانوں میں پائے جانے والی شدید نفرت کا اظہار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی ادارے ،اس احتجاج کا