کتاب: محدث شمارہ 356 - صفحہ 24
یہ آیتِ کریمہ صحابہ رضی اللہ عنہم کے فضائل و مناقب، اُن سے اللہ تعالیٰ کی رضا مندی اور ان کے جنتی ہونے کے بارے میں نص صریح ہے۔
اتباع صحابہ: وَ الَّذِيْنَ اتَّبَعُوْهُمْ بِاِحْسَانٍ کی دو تفسیریں ہیں:
(الف) بعد میں مسلمان ہونے والے اور صغار یعنی چھوٹے صحابہ
(ب) اوراس کی دوسری تفسیریہ کی جاتی ہے کہ وَ الَّذِيْنَ اتَّبَعُوْهُمْ سے ساری اُمت مراد ہے بشرطیکہ اعمالِ حسنہ میں ان کی اتباع کی جائے۔
اتباع بالحسنہ: اتباع بالحسنہ کی بھی دو تفسیریں ہیں:
الف) اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ثنا اور مدح کرنا
ب) صحابہ رضی اللہ عنہم کے منہج کو اپناتے ہوئے اعمالِ حسنہ میں ان کی اتباع کرنا
خلاصہ یہ ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ تمام صحابہ رضی اللہ عنہم اوراُن کے اتباع سے راضی ہے۔
مراتبِ صحابہ رضی اللہ عنہم
فضائل و مناسب کے لحاظ سے صحابہ کے مختلف مراتب ہیں۔
1. عشرہ مبشرہ : عشرہ مبشرہ صحابہ سے مراد وہ دس صحابہ رضی اللہ عنہم ہیں جن کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی مجلس اور ایک ہی جملے میں جنتی ہونے کی بشارت دی تھی۔فرمایا:
أبوبکر في الجنة وعُمر في الجنة وعثمان في الجنة وعلي في الجنة... الخ[1]
2. بدری صحابہ : بدری صحابہ سب کے سب جنتی ہیں۔ فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے:
(( إِنَّهُ قَدْ شَهِدَ بَدْرًا وَمَا يُدْرِيكَ لَعَلَّ اللَّهَ أَنْ يَكُونَ قَدْ اطَّلَعَ عَلَى أَهْلِ بَدْرٍ فَقَالَ اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ فَقَدْ غَفَرْتُ لَكُمْ)) [2]
’’یہ صحابی بدر میں شریک تھے، اور آپ کو کیا پتہ؟ شاید کہ اللہ تعالیٰ نے اہل بدر کی طرف توجہ کرکے فرمایا کہ تم جو جی چاہے کرلو، میں نے تمہیں بخش دیا ہے۔‘‘
3. بیعتِ رضوان:حدیبیہ کےمقام پر ایک درخت پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر جہاد کے لیےبیعت کرنےوالے تقریباً چودہ صد صحابہ ہیں اور وہ سب کے سب جنتی ہیں۔
[1] سنن ابن ماجہ:130
[2] صحیح بخاری: 2785