کتاب: محدث شمارہ 355 - صفحہ 90
تعلیم وتعلّم اُمّ عبدالربّ[1]
آہ ! اُستاذی... مولانا عبد الرشید اظہر رحمۃ اللہ علیہ
ڈاکٹر مولانا عبد الرشید اظہر رحمۃ اللہ علیہ سے طویل عرصہ علم وتربیت کا فیض پانے والی محترمہ امّ عبد الربّ جنہیں عوامی حلقوں میں ’باجی فوزیہ ‘کے نام سے جانا جاتا ہے،نے اس مضمون میں اپنی گزری یادیں سپردِ قلم کی ہیں۔اپنے اُستاد کے رویّہ، مزاج، علمی ذوق اور دینی جذبات ورجحانات کا اس میں جابجا اظہار موجود ہے۔اس تحریر میں بہت سی ذاتی یادداشتیں بھی آگئی ہیں جنہیں اس بنا پر نذرِ قارئین کیا جارہا ہے کہ راقمہ محترمہ بھی دینی حلقوں میں اپنی نمایاں خدمات کی بنا پر جانی پہچانی جاتی ہیں۔لاہور میں خواتین کا معروف دینی ادارہ’مدرسہ تدریس القرآن والحدیث‘دودہائیوں سے اُن ہی کے زیر انتظام اور اب زیر سرپرستی چل رہا ہے۔ اُن کا گھرانہ علم وفضل کا مرکز ہے ، اس تحریر میں ان کے والدِ گرامی صاحبِ تیسیر القرآن مولانا عبدالرحمٰن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے علاوہ متعدد علماے کرام سے دینی روابط کا ذکر بھی موجود ہے جن میں بہت سے اب دنیا سے تشریف لے جاچکے ہیں۔’محدث‘ کے مدیر اعلیٰ حافظ عبدالرحمٰن مدنی حفظہ اللہ نے خواتین کی تعلیم وتربیت بالخصوص عقیدہ وفقہ میں جو پروگرام تشکیل دیے، ان کا تذکرہ بھی ہے۔ ہمارے ہاں عام طور پر خواتین کو قرآن وحدیث کےتراجم پڑھا دینے پر اکتفا کیا جاتا ہے اور ان میں علمی اِستدلال کے اَسالیب وضوابط کے بارے میں کم توجہ دی جاتی ہے۔ اس بنا پر یہ مضمون مولانا مرحوم کی یادوں کے ساتھ ساتھ حافظ مدنی حفظہ اللہ کی خواتین اساتذہ کی بصیرت کے لئے تربیتی پروگرام کی جھلک بھی پیش کررہا ہے جن کو ترتیب دے کر اُنہوں نے مولانا حافظ عبد الرشید اظہر رحمۃ اللہ علیہ کو مکلف بنایا تھا جو اس وقت جامعہ لاہور اسلامیہ میں مبعوث تھے۔ اللہ تعالیٰ مولانا عبد الرشید اظہر رحمۃ اللہ علیہ کے اعمالِ صالحہ کو درجہ قبولیت سے نوازکراُنہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ جن علما کا ذکر خیر ہوا ہے، ان کو بھی اعلیٰ علیین میں مناصب مرحمت فرمائے اور دینی تعلیم وتربیت کے ان سلسلوں کو قائم ودائم اور شاد رکھے۔ ح م
فضیلۃ الشیخ حافظ عبدالمنان نور پوری نوّر اللہ مرقدہ کی وفات کے تذکرے سے ابھی زبانیں فارع نہیں ہوئی تھیں، دل ابھی اسی صدمے سے سنبھل نہ پائے تھے، تعزیت کا سلسلہ جاری تھا کہ ایک اور ایسا حادثہ جانکاہ پیش آگیا جس سے سنبھلنے میں شاید عمر درکار ہو، زندگی کا روگ بن
[1] مدیرہ معہد التعلیم والتزکیہ، اسلام آباد ... دختر مولانا عبد الرحمٰن کیلانی رحمۃ اللہ علیہ ، صاحب ِتفسیر ’تیسیر القرآن‘