کتاب: محدث شمارہ 355 - صفحہ 127
مولانا ڈاکٹر حافظ عبد الرشید اظہرکی شخصیت و خدمات پر لکھے جانے والے مضامین جامعہ لاہور اسلامیہ کے شیخ الحدیث اُستا ذ الاساتذہ حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ ، حافظ عبدالرشید اظہر مرحوم کے خصوصی مہربان اور محسن تھے۔ دونوں کا علمی اور دینی تعلق مثالی تھا۔ اسی تعلق کا ایک اظہار یوں ہواکہ حافظ صاحب کے ’فتاویٰ ثنائیہ‘ پر افتا کے موضوع پر ایک تفصیلی اور شاندار مقدمہ اظہر صاحب نے تحریر فرمایا ۔ حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ اُن کے حالاتِ زندگی اور اپنے ساتھ گزری یادیں تفصیلاً قلم بند فرما رہے ہیں لیکن صحت کی خرابی کی بنا پر یہ تحریر فی الوقت مکمل نہیں ہوسکی۔مزید برآں ہم نے حافظ اظہر صاحب کے ہم راز وہم دم مولانا عبد الحمید ازہر حفظہ اللہ سے بھی اپنی یادیں قلم بند کرنے کی گزارش کی ہے۔ اسی طرح بہت سی تحریریں جو حافظ عبد الرشید اظہر صاحب کے بارے میں مختلف اہل علم نے لکھی ہیں، ان کی اشاعت مذکورہ بالا تحریروں کے ساتھ ہی مؤخر کی جاتی ہے۔ مولانا حافظ عبد الرشید اظہر رحمۃ اللہ کے احوال وآثار کے لئے اُن کے فرزندِ گرامی حافظ مسعود اظہر کا تفصیلی مضمون اور مولانا یوسف انور صاحب کی مختصر تحریرموقر معاصر ’الاعتصام ‘ میں شائع ہوچکی ہیں جبکہ مجلّہ ’البیان ‘کراچی کے تازہ شمارہ میں بھی جناب ہاشم یزمانی نے ان کے بارے میں ایک تاثراتی مضمون رقم کیا ہے۔ مزید برآں حافظ ثناء اللہ مدنی حفظہ اللہ کے برادرِ خورد جناب رضاء اللہ صاحب (سول جج، اسلام آباد)، ماہ نامہ’التوحید‘اسلام آباد کے مدیر معاون ڈاکٹر حافظ محمد شہباز حسن، گوجرانوالہ کے معروف محقق حافظ شاہد محمود کی یادداشتیں اور حافظ اظہر صاحب کے بھتیجوں ، نواسوں کی تحریرات وغیرہ بھی ہمیں موصول ہوچکی ہیں۔ اللہ تعالیٰ حافظ صاحب کے مبارک تذکروں کو اُن کی بلندی درجات اور مغفرت کا سبب بنائے اور ان کی وفات سے پیدا ہوجانے والا خلا کو پورا فرمائے۔ وما ذلک علیٰ اللہ بعزیز ادارہ ’محدث‘