کتاب: محدث شمارہ 354 - صفحہ 9
حاکمیتِ اعلیٰ اور اس کی شریعت کی پابندی اللہ کی تمام مخلوقات پر کامل مساوات سے نافذ ہوتی ہے، نہ کہ اس سے کسی کو معمولی سا استثنا بھی حاصل ہونے کی اُمید ہوتی ہے جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود اپنے آپ کو قانونی باز پرس سے بڑھ کر بدلہ کے لئے پیش فرما دیا اور چشم فلک نے دیکھا کہ اللہ کا محبوب وخلیل صلی اللہ علیہ وسلم ، اللہ کی شرع کی تعمیل میں اپنے اُمتیوں کے سامنے ہی اپنے آپ کو بدلہ لینے کے لئے پیش کررہا ہے۔سیرت کی کتب میں یہ واقعہ ایک اعرابی صحابی سیدنا اُسید انصاری کے حوالے سے موجود ہے۔ دوسری طرف ہم جمہوری نظام کو دیکھتے ہیں تو معلوم ہوتا کہ انسانوں کی حاکمیت پر مبنی نظام میں،حکم کے مدار المہام پر فائز شخص اپنی ذات کے لئے اپنے جیسے انسانوں کے بنائے قانون سے استثنا کا متمنی وداعی ہوتا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جمہوریت میں ایک جیسے انسانوں کی مساوات کا تصور ایک خاص نکتے پر آکر رک گیا ہے اور تمام انسانوں کو مساواتِ کاملہ دینے کے دعوے میں جمہوریت سچی نہیں ہے۔ اسلام ہی انسانیت کی عظمت کا محافظ ہے! یہ بھی معلوم ہوا کہ انسانیت کو جو عظمت اسلام نے عطا کی ہے، وہ عظمت دنیا کا کوئی سیاسی نظام نہیں دیتا کہ اس پراپنے خالق کے سوا کسی عظیم ترین انسان کی اطاعت بھی اصلاً واجب نہیں ہے۔ اسلام صرف ایک اللہ کی اطاعت کا نام ہے۔اوپر انبیا کی اطاعت کا تذکرہ بھی اللہ کی شریعت سے مستنیر رہنمائی سے مشروط کردیا گیا ہے کہ کوئی نبی اللہ کی شریعت سے بڑھ کر کسی انسان کو اپنا مطیع نہیں بنا سکتا۔ ایسے ہی ہر مسلم حکمران بھی جب کسی مسلمان پر اپنے احکامات لاگو کرتا ہے تووہ مسلمان اسی بنا پر اس کے احکام کی اتباع کرتا ہے کہ اس کے ربّ نے اسے حکمران واُولی الامر کی اطاعت کا پابند کیا ہے۔ اور حکمران کی وہ اطاعت جو اللہ کے حکم کے مخالف ہو، اس کی اطاعت سے اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو منع فرما دیا ہے۔ یہ اسلام کی آزادی اور انسانی عظمت ہے کہ اسلام کی رو سے تمام انسان براہِ راست اللہ کے احکام کے مخاطب ہیں، صرف ایک اللہ کے مطیع ہیں، اور اپنے جیسے کسی عظیم سے عظیم ترانسان کے بھی شخصی طورپر متبع نہیں۔ ہاں اگر اللہ نے کسی انسان کی اطاعت ، مثلاً بیوی پر شوہر کی اطاعت واجب قرار دی ہے تو بیوی بھی اپنے ربّ کے حکم کی اتباع میں اپنے شوہر کی اطاعت کرتی ہے۔ دوسری طرف جمہوریت اپنے جیسے انسانوں کی محکومیت کا دوسرا نام ہے، جنہیں کسی بنا پر اپنے سے زیادہ