کتاب: محدث شمارہ 353 - صفحہ 108
رَبِّهٖ جَنَّتٰنِ﴾لہٰذا آپ اپنے ربّ سے ایک جنت نہیں بلکہ دوجنتوں کی اُمید رکھیں۔ جامعہ محمدیہ اور جامعہ سلفیہ اسلام آباد آپ کا صدقہ جاریہ ہیں۔ ہزاروں علما و طلبا آپ کے روحانی فرزند ہیں اور وہ آپ کی مغفرت کے طلب گار رہتے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ آپ تا دم آخریں اللہ کے سامنے سجدہ ریز رہے اور ہر جمعہ جامعہ محمدیہ میں ادا کرتے اور ضعف و کمزوری کی وجہ سے تسبیحاتِ رکوع و سجود اور ادعیہ تشہد بلند آواز سے پڑھنا شروع کر دیتے اور رو رو کر اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی اور خطاؤں سے در گزر کا سوال کرتے اور پھر خادمین کے ہمراہ گھر چلے جاتے اور وہاں فرض نماز ادا کرتے وقت کسی کو اپنے پاس بلا لیتے، جو رکعات شمار کر کے بتلا دیتا کہ اب نماز پوری ہو گئی ہے۔ ان ایام میں آپ کے پوتے عزیزم حافظ محمد داؤد نے آپ کی بہت خدمت کی ۔اللہ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔
سَلَامُ اللهِ عَلىٰ قَـیْسِ بْنِ عَاصِمٍ وَرَحْمَتـه مَا شَاَء أَنْ یَتَرَحَّمَا
مَا کَان هلك قیس هلك وَاحِدٍ ولکن بنیان القوم تَهَـدّمَا
مذکورہ بالا مضمون مرحوم کے سوانح اور کارہاے نمایاں سے زیادہ اُن کی وفات حسرت آیات پر مضمون نگار کے تاثرات وجذبات کا بے ساختہ اظہار ہے۔ مولانا معین الدین لکھوی رحمۃاللہ علیہ کے سوانح حیات کے لئے ’بزم ارجمنداں‘ از مولانا اسحٰق بھٹی اور مولانا محی الدین لکھوی رحمۃاللہ علیہ کے حالاتِ زندگی کے لئے مولانا بھٹی حفظہ اللہ کی ہی کتاب ’قافلۂ حدیث‘ کا مطالعہ کریں، ان کتب میں دو نوں مرحوم بھائیوں پر تفصیلی مضامین موجود ہیں۔
مُـدیر
رئیس الجامعہ کا سعودی عالمی کانفرنس میں سلفیت کے موضوع پر مؤثر خطاب
’محدث‘ کے مدیر اعلیٰ اور جامعہ لاہور اسلامیہ کے رئیس مولانا حافظ عبد الرحمٰن مدنی حفظہ اللہ گذشتہ ماہ سعودی عرب میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے تشریف لے گئے۔ عالم اسلام کی عظیم ترین جامعہ، امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی کے زیر اہتمام، سعودی ولی عہد شہزادہ نائف بن عبد العزیز کی زیر سربراہی 27 ،28 دسمبر 2011ء کو الریاض میں السلفية: منهج شرعي و مطلب وطني کے عنوان سے ہونے والی عظیم الشان انٹرنیشنل کانفرنس میں جناب مدیر اعلیٰ نے عربی زبان میں تفصیلی خطاب کیا جسے خصوصی پذیرائی ملی اور بعد میں سعودی عرب کے قومی میڈیا نے آپ سے متعدد انٹرویوز میں آپ کے خیالات ونظریات کو بڑے پیمانے پر شائع کیا۔ مولانا مدنی کے خطاب کا اُردو ترجمہ اور آپ کے سعودی انٹرویوز کو ’محدث‘ کے آئندہ شمارے میں شائع کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ اداره محدث