کتاب: محدث شمارہ 35 - صفحہ 46
کا ذکر کیا گیا ہے اس سے موجودہ حالات میں منافقت کا بھی اندیشہ ہے جو ایک خطرناک مرض ہے اور انتشار کا سب بھی۔ اس لئے اگر معتقدات یا معمولات میں مداہنت کی تلقین کی بجائے جذبۂ اتباع کتاب و سنت بیدار کیا جائے تو خود ہی شخصی اختلافات کی شدت کم ہو کر اتحاد زور پکڑے گا اور بے لاگ تحقیق کا میلان پیدا ہو ا۔ جس سے نہ صرف مسائل میں عوام کا الجھاؤ کم ہو کر باہمی نفرت و تعصب میں تخفیف ہو گی او فتویٰ بازی کا میدان ٹھنڈا پڑ جائے گا بلکہ مسائل میں بھی الاھم فالاھم کی بنیاد پر زور دیا جائے گا صرف مابہ الاشتراک کی تلاش تو فوضویت (انتشار) کا موجب ہوتی ہے نیز دنیا بھر کے مسلمانوں کا مشترکہ سرمایہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی کتاب و سنت ہی ہیں اور انہی سے حقیقی وابستگی باہمی دلبستگی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ (مدیر)
(۴)
نام کتاب : دو ماہی ’اسلامی تعلیم‘ ڈاکٹر محمد رفیع الدین نمبر
مرتب : مظفر حسین
صفحات : ۸۸
قیمت فی شمارہ : ۲ روپے
سالانہ چندہ : ۱۰ روپے
ناشر : آل پاکستان اسلامک ایجوکیشن کانگرس.۷. فرینڈز کالونی ملتان روڈ. لاہور
ڈاکٹر محمد رفیع الدین مرحوم ایک بلند پایہ فلسفی تھے اور یہ عقیدہ رکھتے تھے کہ مستقبل کا انسان قرآنی ’نظریۂ کائنات‘ کے علاوہ ہر نظریۂ کائنات کو عہد قدیم کی جہالت قرار دے گا (انتساب قرآن اور علم جدید) مرحوم نے اسلامی فلسفۂ کائنات کی تشریح و توضیح میں عمرِ عزیز کا ایک حصہ گزارا۔ دو ماہی ’اسلامی تعلیم‘ ان کے افکار و نظریات کی ترویج و اشاعت میں مصروف ہے۔ زیر نظر اشاعت ڈاکٹر مرحوم کی یاد میں مختص ہے۔ آغاز میں ڈاکٹر صاحب کا مختصر تعارف اور ان کا عکسِ تحریر پیش کیا گیا ہے۔ مدیر رسالہ جناب مظفر حسین صاحب کے مختصر اور پُر زور اداریہ کے بعد مضامین شروع ہوتے ہیں۔ عبد الحمید کمالی عباد اللہ فاروقی مرحوم اور ندیم کے مضامین شامل اشاعت ہیں جن میں ڈاکٹر صاحب کے نظریات کی تفہیم و تشریح کی گئی ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے چار مختصر مضامین قومی کردار، مستقبل کا نعرۂ انقلاب، اسلام میں آزادی اور ترقی کا مفہوم اور نظریاتی تعلیم پرچے کا اہم جزو ہیں۔