کتاب: محدث شمارہ 35 - صفحہ 16
یعنی یہ (منافق ہنوز) تمہارے (مآل کار کے) منتظر ہیں تو اگر اللہ نے فتح دے دی تو کہنے لگتے ہیں کہ کیا ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نہیں تھے؟ اگر کافروں کو فتح نصیب ہوئی تو ان سے کہنے لگتے ہیں، کیا ہم تم پر غالب نہیں ہو گئے تھے اور مسلمانوں کو تم سے بچایا نہیں تھا؟ رسول پر نکتہ چینی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر نکتہ چینی کرنا ان کا شیوہ تھا، ہاں اگر حضور ان کو کچھ مرحمت فرما دیتے تو کہتے سب اچھا ورنہ سب برا۔ ﴿وَمِنْھُمْ مَنْ یُّلْمِزُکَ فِی الصَّدَقٰتِ فَاِنْ اُعْطُوْا مِنْھَا رَضُوْا وَاِنْ لَّمْ يُعْطُوْا مِنْھَا اِذَا ھُمْ يَسْخَطُوْنَ﴾ (توبہ۔ ركوع۷) خدا پر نکتہ چینی خدا پر نکتہ چینی اور ذات پاک کے خلاف بدگمانی کرنے سے باز نہیں آتے تھے۔﴿ مَا وَعَدَنَا اللّٰہُ وَرَسُوْلُه اِلَّا غُرُوْرًا ﴾(احزاب ع۲) رسول پر احسان دھرنا ایمان کا نصیب ہونا رب کا کرم ہے مگر یہ منافق الٹا خدا پر احسان دھرتے ہیں کہ ہم نے تجھے مانا۔﴿ وَیَمُنُّوْنَ عَلَیْکَ اَنْ اَسْلَمُوْا ﴾ (حجرات۔ع۲) دیکھنے میں بڑے معزز مگر.....: دیکھنے میں وہ بڑے مہذب، نہایت معقول، دانشور اور شستہ ادیب کہ دل موہ لیتے ہیں۔ حقیقت میں وہ بہکے ہوئے اور مارِ آستین ہیں۔ ﴿وَاِذَا رَاَيْتَ تُعْجِبُكَ اَجْسَامُھُمْ وَاَنْ يَّقُوْلُوْا تَسْمَعْ لِقَوْلِھِمْ كَاَنَّھُمْ خُشُبٌ مُّسَنَّدَةٌ يَحْسَبُوْنَ كُلَّ صَيْحَةٍ عَلَيْھِمْ ھُمُ الْعَدُوَّ فَاحْذَرْھُمْ قَاتَلَھُمُ اللّٰهُ اَنّٰي يُؤَْفكُوْنَ﴾ (المنافقون ع ۱) نہايت الدُّالخصام، جھگڑلو اور بہت ہی بد طینت اور تخریب کار اپنے جھوٹے وقار کے لے غلط کاموں پر اُڑ جانے والے لوگ ہیں۔ ﴿وَمِنَ النَّاسَ مَنْ یُّعْجِبُکَ قَوْلُه فِي الحَيٰوةِ الدُّنْيَا وَيَشھدُ اللّٰهَ عَلٰي مَا فِي قَلْبِه وَھُوَ اَلَدُّ الْخِصَامِ٭ وَاِذَا تَوَلّٰي سَعٰي فِي الْاَرْضِ لِيُفْسِدُ فِيْھَا وَيُھْلِكَ الْحَرْثَ وَالنَّسْلَ﴾ (پ۲. البقره. ع ۲۵) بہانے باز اگر کوئی کٹھن مرحلہ در پیش ہوتا توکھسک جاتے اور پھر آکر جھوٹے بہانے بناتے۔ ﴿وَسَیَحْلِفُوْنَ بِاللّٰہِ لَوِ اسْتَطَعْنَا لَخَرَجْنَا مَعَکُمْ﴾ (توبہ.ع۶) مصیبت کی گھڑی آتی تو شکر کرتے کہ ہم ان کے ساتھ نہیں تھے، خوشی کی بات ہوتی تو ہاتھ ملتے کہ کاش ان کے ساتھ ہوتے۔ ﴿فَاِنْ اَصَابَتْکُمْ مُّصِیْبَةٌ قَالَ قَدْ اَنْعَمَ اللّٰہُ عَلَيَّ اِذْ لَمْ اَكُنْ مَّعَھُمْ شَھِيْدًا٭ وَلَئِنْ اَصَابَكُمْ فَضْلٌ مِّنَ اللّٰهِ لَيَقُوْلَنَّ .... يٰلَيْتَنِيْ كُنْتُ مَعَھُمْ﴾ (النساء.ع۱)