کتاب: محدث شمارہ 348 - صفحہ 29
احکام وشرائع کامران طاہر
پانچ نمازوں اور جمعہ میں فرض و نفل رکعات کی تعداد
نمازِ پنجگانہ کی رکعات کی صحیح تعداد کے متعلق عام طور پر عامۃ الناس میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں جیسے عشاء کی نماز کی 17 رکعات وغیرہ اور پھر ان رکعات کے مؤکدہ اور غیر مؤکدہ نوافل کے تعین کامسئلہ بھی زیر بحث رہتاہے۔ذیل میں افادۂ عام کے لیے نمازِ پنجگانہ کے مؤکدہ اور غیرمؤکدہ نوافل اور فرائض کی صحیح تعداد کو دلائل کے ساتھ پیش کر دیا گیا ہے۔
فرائض: جمعہ کے علاوہ ہر دن کی پانچ نمازوں کے فرائض کی تعداد کل 17 ہے جو احادیث ِصحیحہ اور اُمت کے عملی تواتر سے ثابت ہیں۔
سنت ِمؤکدہ: اسی طرح نمازوں کے فرائض سے پہلے یا بعد کے نوافل جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت اور معمول تھایا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ان کی تاکیدو ترغیب بھی منقول ہے، ان کی تعداد کم ازکم12 ہے۔ ان میں سے 12 نوافل کے بارے میں سیدہ اُمّ حبیبہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
سمعت رسول اللّٰه صلی اللہ علیہ وسلم یقول: «من صلّىٰ اثنتی عشرة رکعة في یوم ولیلة بُني له بهن بیت في الجنة» [1]
’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا كہ جو شخص دن اور رات میں 12 رکعات پڑھ لے، اُن کی وجہ سے اس کے لئے جنت میں ایک محل بنا دیا جاتا ہے۔‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(( من صلى في یوم ولیلة ثنتي عشرة رکعة بنی له بیت في الجنة أربعًا قبل الظهر ورکعتین بعدها ورکعتین بعد المغرب ورکعتین بعد العشاء ورکعتین قبل صلاة الغداة)) [2]
[1] صحیح مسلم:728
[2] سنن ترمذی:415