کتاب: محدث شمارہ 347 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 347
مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی
پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور
ترجمہ:
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
فکر ونظر
مسلم عرب؛ شورشوں اور یورشوں کی زد میں
گذشتہ تین ماہ سے اسلامی عرب اور مشرقِ وسطیٰ عدیم النظیر شورشوں اور استعماری یورشوں کی زد میں ہے۔ مسلمانانِ عالم اس ’لحظہ لحظہ دگرگوں ‘ صورت حال کے بارے میں سخت بھونچکائے ہوئے ہیں ، ان کے لیے یہ بھونچال جیسی ’تبدیلی کی ہوائیں ‘ ناقابل فہم ہیں ۔ عوام تو رہےایک طرف، ہمارے عالی دماغ دانشور بھی اس ہنگامہ خیز صورت حال کے پسِ پشت محرکات کے حقیقی اِدراک کے بارے میں قاصر معلوم ہوتے ہیں ۔ ایک سیاسی زلزلہ ہے کہ جس کی لہریں تیونس سے اُٹھیں ، بالآخر مصر، لیبیا، یمن، بحرین، شام اور اُردن میں نظام ہائے حیات کو تلپٹ کرتی اور تخت ہائے دیرینہ کو تاراج کرتی نظر آتی ہیں ۔حتیٰ کہ اس زلزلے کے جھٹکے مرکزِ اسلام ’سعودی عرب‘ کےمشرقی ساحلوں تک محسوس کئے جارہے ہیں ۔کوئی اسے ’عالم عرب میں انگڑائی‘ کا نام دے رہےہیں ،کسی کو عالم عرب میں ’عظیم جمہوری انقلاب‘ کی نوید صبح سنائی دے رہی ہے؛کسی کو عوام کی اُمنگوں کو زبان مل جانے کا گمان ہونے لگا ہے۔ کسی کے خیال میں عالم عرب میں تاریخ اپنا انتقام لے رہی ہے۔ کوئی آزادی کی ہوائیں چلتے محسوس کررہا ہے۔مگر ایسے بہت کم ہیں جو اس صورتِ حال کے پس پشت کارفرما حقیقی محرکات کی نشاندہی کررہے ہوں ۔
ممکن ہے مذکورہ بالاآرا میں جزوی صداقت پائی جاتی ہو، مگر حالات کاگہرا تجزیہ کرنے والے صاحبانِ بصیرت ان ’بہارآفرین‘ مناظر کے پیچھے بادِ صرصر کے گرداب کی نشاندہی کررہے ہیں ۔ وہ چیخ چیخ کر پکار رہے ہیں کہ یہ وہ سب کچھ نہیں ہے جوفریب خوردہ بصارتیں دیکھ رہیں اور یہ وہ بھی نہیں ہے جس کاڈھنڈورا امریکی استعمار کے پروردہ ذرائع ابلاغ پیٹ رہے ہیں ۔
سطح بین نگاہیں جو چاہے، ان مناظر کی تعبیر کریں مگر استعماری عزائم چھپائے نہیں چھپ