کتاب: محدث شمارہ 346 - صفحہ 43
5. کل انواع : 377
محقق جامع الأصول ایمن صالح شعبان کا طریقۂ تحقیق
جامع الاصول پر بعض تحقیقات بھی کی گئی ہیں ، جن میں سے اہم فضیلۃ الشیخ ایمن صالح شعبان کی تحقیق و تخریج ہے ،جس میں انہوں نے درج ذیل اضافہ جات بھی کیے ہیں :
1. آیات ،احادیث اور آثار کی تخریج کی اور اِعراب لگائے۔
2. احادیث کی اسنادبیان کیں ، صحت و ضعف کا حکم لگایا اور تخریج احادیث میں کتب ِستہ کے علاوہ جو روایات مسند حمید ی، مسندعبد بن حمید، مسنداحمد، سنن دارمی، فی خلق افعال العباد، جزء رفع الیدین للبخاری، الادب المفرد اور شمائل ترمذی میں تھیں ، ان کتب کی احادیثِ زوائد مع سند اور رقم الحدیث بیان کیں ۔
3. ہر کتاب کے آخر میں کتب ِستہ کی تکمیل کی خاطر زوائد ابن ماجہ للبوصیری کا اضافہ کیا۔
4. تخریج حدیث کے بعد غریب الفاظ کی تشریح بیان کی۔
کتابِ ہذا میں نقائص اور خامیاں
جامع الاصول اپنی افادیت و اہمیت کے لحاظ سے ایک جامع اور نہایت مفید کتاب ہے۔ لیکن اس کے باوجود اس میں کئی نقائص ہیں :
1. اَحادیث کو جمع کرنے کے کوئی قواعد و اُصول مقرر نہیں کیے گئے اور نہ ہی احادیث کے اختصار میں کسی کتاب کو معیار مقرر کیا ہے بلکہ جو حدیث جس انداز میں جس جگہ مناسب ہوئی، منطبق کردی۔
2. اختصار احادیث کے لیے نہ تو بخاری و مسلم کو مقدم کیا گیا ہے او رنہ ہی بقیہ کتاب سے حذف شدہ احادیث کی وضاحت ہے۔
3. تخریج کیلئے تو رموز استعمال کیے گئے ہین لیکن زوائد الفاظ کی تخریج و تحقیق نامکمل ہے۔
4. ایک معنی کی کئی روایات میں الفاظ کا تکرار باقی ہے۔
5. مسائل کی تبویب توفقہی ہے لیکن کتب کو حروفِ تہجی کی ترتیب سے مرتب کرنے کی وجہ سے احادیث و مسائل کی تلاش نہایت پیچیدہ اور مشکل ہوگئی ہے۔پھر حروفِ ہجائی کی ترتیب کے باوجود حروف کے متعلق کتنی ہی کتب و ابواب کو حذف کرکے کسی اور کتاب یا باب میں داخل کردیا گیا ہے، جس سے قارئین کے لیے حدیث و مسئلہ کی تلاش میں بہت مشکل پیدا ہوئی ہے۔