کتاب: محدث شمارہ 346 - صفحہ 39
حفاظت کے لیےٹھوس اقدامات کیے اور اَحادیث نبویہ کومحفوظ کرنے کے لیے تعلیم و تعلّم کے ساتھ تدوین حدیث کو فروغ دیا۔ نیز محدثین کرام نے عوام الناس میں اَحادیث کا ذوق پیدا کرنے اور اَحادیث کی ترویج کے لیے قلم و قرطاس کا سہار ا لیا اور اشاعت ِحدیث کی خاطر تالیف و تصنیف کے مختلف اُسلوب اختیار کیے اور ہر مؤلف کی شدید خواہش تھی کہ اَحادیث کی تالیف و ترتیب کا وہ طریقہ اختیار کیا جائے جو انتہائی سود مند، نہایت سہل اورعوام الناس کی اِصلاح کیلئے مؤثر ترین ہو۔
ان اَہداف کے پیش نظر کتب ِاَحادیث کی تصنیف و ترتیب کے مختلف انداز اپنائے گئے چنانچہ بعض محدثین نے اپنی کتاب کو سنن و جوامع کی طرز پر ترتیب دیا۔کچھ نے مسانید کے طریقہ کو منتخب کیا۔بعض نے معجم کی ترتیب اپنائی اورکچھ نے سابقہ کتب کا اِستدراک واستخراج کیا۔ اس مضمون میں ہمارا موضوع اَحادیث کے مختلف وسیع ترین ذخائر اور عظیم مجموعے ہیں ،جنہیں بعد کے علما و محدثین نے تمام اَحادیث ِنبویہ کو جمع کرنے کی غرض سے ترتیب دیا ہے، یا ان کا مقصد یہ رہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام قولی احادیث کو یکجا کردیا جائے اور کچھ مجموعے ایسے بھی ہیں جن میں مختلف کتب ِاحادیث کا تکرار ختم کرکے بغرضِ اختصار ترتیب دیا گیا ہے۔ چونکہ ان کتب کی جمع وتالیف اور اختصار کا اصل مقصد احادیث کی اشاعت و تبلیغ اور عامۃ الناس کی اصلاح ہے، اس لئے محدثین کی ان بیش بہا خدمات کو سراہتے اور عوام الناس میں ان کتب کاطرز ِترتیب مشتہر کرنےکے لیے کچھ کتب احادیث کا جائزہ قارئین کی خدمت میں پیش کیا جارہا ہے۔ ہماری یہ طالب علمانہ پیشکش طالبانِ حدیث ، شائقین علم اور فن احادیث سے وابستہ افراد کے لیے عظیم تحفہ ہوگی اور متلاشیانِ احادیث کی تشنگی کا کماحقہ مداوا کرے گی۔ نیز ہماری اس کاوش سے احادیث کی تحقیق و تخریج میں بہترین مدد ومعاونت حاصل ہوگی۔اِن شاء اللہ!
1. كتابِ رزین کا تعارف
مؤلّف : ابو الحسن رزین بن معاویہ رضی اللہ عنہ بن عمار عبدری رحمہ اللہ (م 535ھ)
اَحادیث ِرسول صلی اللہ علیہ وسلم کوایک مقام پر یکجا کرنے کی غرض سے ایک اہم کاوش امام رزین رحمہ اللہ کی ہے۔ ابوالحسن رزین بن معاویہ رضی اللہ عنہ عبدری رحمہ اللہ نے کتبِ ستہ: صحیح بخاری، صحیح مسلم، سنن ابی داود، جامع ترمذی، سنن نسائی اور موطا امام مالک کو جمع کیا اور اختصار کی غرض سے مکرر احادیث کو حذف کردیا، اُنہیں صحیح بخاری کی طرز پر فقہی ابواب میں ترتیب دیا اور احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم مع اسناد ذکر کیں ۔