کتاب: محدث شمارہ 346 - صفحہ 10
ایمان وعقائد شیخ عبد المحسن العباد
ترجمہ: محمد اسحٰق طاہر [1]
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے متعلق اہل السنّہ والجماعہ کا عقیدہ
اللہ تعالیٰ کا ہم پرفضل و احسان ہے کہ اس نے ہماری رُشد و ہدایت اور تبلیغ احکام کے لیے اپنے پیغمبر علیہ الصلاۃ والسلام کو مبعوث فرمایا۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فریضۂ تبلیغ کو بدرجہ اتم انجام دیا۔ ہر خیر و بھلائی کے کام پر اپنی اُمت کی راہنمائی فرمائی اور ہر بُرائی سے اُنہیں خبردار کیا اور خیرخواہی کا حق ادا کر دیا۔ ربّ کائنات نے اپنے پیغمبر کے شرفِ صحبت اور تحصیل علومِ شریعت کے لیے ایسے لوگوں کاانتخاب کیا جواس اُمت کے افضل او ربہترین افراد تھے۔ ان صحابہ رضی اللہ عنہم نے براہِ راست آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے علم حاصل کیا اور دنیا وآخرت میں سرفراز ہوئے۔ ذلك فضل الله یوتیه من یشاء والله ذو الفضل العظیم!
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے شرف و فضیلت پر کتاب و سنت سے دلائل
رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے فریضۂ تبلیغ کو سرانجام دیا، اس فریضہ کی انجام دہی میں ان کی مساعی قابل قدرہیں ۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے عالی مقام اور عظیم المرتبت ہونے کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک طرف اُنہیں شرفِ صحبت اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اعلائے کلمۃ اللہ کے لیے جہاد کرنےکی فضیلت حاصل ہے اور دوسری طرف تبلیغ شریعت کے نتیجہ میں قیامت تک آنے والے مسلمانوں کے اَجروثواب اُن کامقدر ہیں ، کیونکہ اُنہوں نے ہی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اس اُمت کو رُشد و ہدایت کی راہ پر لگایا اور لسانِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم سے صادر ہونے والے اس عظیم مقام کو حاصل کیا:
[1] فاضل مدینہ یونیورسٹی، اُستاذ فقہ مقارن، جامعہ لاہور الاسلامیہ، لاہور