کتاب: محدث شمارہ 345 - صفحہ 79
تعارف وتبصرہ
تعارفِ کتب
کتاب ’برصغیر کا اسلامی اَدب
نام کتاب: ’برصغیر کا اسلامی اَدب ؛ چند نامور شخصیات‘
تصنیف: پروفیسر ڈاکٹر محمد مجیب الرحمٰن بنگالی
ناشر: نقوش، اُردو بازار، لاہور،صفحات:189، قیمت: 400 روپے
تبصرہ نگار: حافظ طاہر الاسلام عسکری
ڈاکٹر مجیب الرحمٰن کا شمار ان اہل علم میں ہوتا ہے جو علومِ قدیم وجدید کی جامعیت سے بہرہ مند ہیں ۔ایک طرف وہ ’جامعہ محمدیہ‘(اوکاڑہ) اور ’جامعہ سلفیہ‘ (فیصل آباد) جیسی معروف دینی درسگاہوں سے فارغ التحصیل ہیں تو دوسری طرف یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے حامل ہیں ۔اسی طرح تدریس کے میدان میں ڈاکٹر صاحب موصوف کو نہ صرف ’جامعہ اہل حدیث‘ (چوک دالگراں ) لاہور میں عربی ادب پڑھانے کی سعادت حاصل ہوئی بلکہ بنگلہ دیش کے ’چپائی نواب گنج کالج‘ اور ’راج شاہی یونیورسٹی‘ میں بھی مسندِ درس پر متمکن ہونے کا موقع ملا۔
ڈاکٹر صاحب موصوف معلّم اور محقق ہونے کے علاوہ ایک صاحب ِجذبہ شخصیت ہیں ۔ ان کا آبائی وطن بنگال اور مادری زبان بنگلہ ہے،اس لیے اُنھوں نے زیادہ تر بنگلہ زبان ہی میں لکھا ہے اور اب تک محدثین کی حیات وخدمات،تاریخ ادبِ عربی، اعجاز القرآن اور دیگر اسلامی مضامین پر ان کی متعدد کتابیں زیورِ طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آ چکی ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب نے بنگلہ زبان میں قرآنِ کریم کا ترجمہ بھی کیا ہے جو معروف طباعتی ادارے ’دار السلام‘ (الریاض) کے زیر اہتمام طبع ہو ا ہے۔ علاوہ ازیں اُنہیں ’تفسیر ابن کثیر‘ کو بنگلہ زبان میں ڈھالنے کا شرف بھی حاصل ہوا ہے۔یہ حسن اتفاق ہے کہ ان سے قبل قرآن شریف کی اس شہرۂ آفاق تفسیر کو عربی زبان سے اُردو میں منتقل کرنے والے برصغیر کے نامور خطیب اور