کتاب: محدث شمارہ 343 - صفحہ 22
’’اگر مسلمان نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو گالی دے گا تو وہ شخص بلا اختلاف مرتد ہوجائے گا۔ ‘‘
آپ صلی اللہ علیہ وسلم پرسب وشتم کے معاملے میں اہل علم نے وضاحت کی ہے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر طعن وتشنیع کرنا، آپ کی تنقیص اور توہین کرنا ،آپ کی ذاتِ گرامی کے لئے یا آپ کے نسب شریف کے لئے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دین وشرع کے لئے یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات اور عادات وخصائل کے لئے کوئی اس طرح کے الفاظ ادا کرتا ہے تو یہ کام ارتداد اور کفر کا مظہر ہیں اور ایسا شخص دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتاہے ۔ جب وہ مرتد ہوجاتاہے تو اللہ ربّ العزت نے اس کے لئے جو سزا متعین فرمائی ہے وہ یہ ہےکہ ایسے شخص کو زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ اللہ رب العزت اس جہاں کے فرمانروا ہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے فرستادہ ، سفیر اور اللہ کے دین کے پہنچانے والے ہیں ، اللہ ربّ العزت نے ان کے لئے خودیہ مرتبہ مقرر فرمایا ہے کہ ان کا احترام کیا جائے ، ان کی تکریم کی جائے اور ان کی تعظیم وتوقیر کی جائے ۔
مسلم شاتم رسول کے ارتداد ، کفر اور قتل پر قرآنی دلائل
1. سورہ توبہ میں فرمانِ باری تعالیٰ ہے
وَ مِنْهُمُ الَّذِيْنَ يُؤْذُوْنَ النَّبِيَّ وَ يَقُوْلُوْنَ هُوَ اُذُنٌ١ قُلْ اُذُنُ خَيْرٍ لَّكُمْ يُؤْمِنُ بِاللّٰهِ وَ يُؤْمِنُ لِلْمُؤْمِنِيْنَ وَ رَحْمَةٌ لِّلَّذِيْنَ اٰمَنُوْا مِنْكُمْ١ وَ الَّذِيْنَ يُؤْذُوْنَ رَسُوْلَ اللّٰهِ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ (آیت:۶۱)
’’اور ان میں بعض ایسے ہیں جو پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کو ایذا دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ شخص نرا کان ہے۔ (ان سے) کہہ دو کہ (وہ) کان (ہے تو) تمہاری بھلائی کے لئے اور اللہ کی اور مؤمنوں (کی بات) کا یقین رکھتا ہے۔ اور جو لوگ تم میں ایمان لائے ہیں اُن کے لئے رحمت ہے اور جو لوگ اللہ کےرسول صلی اللہ علیہ وسلم کو رنج پہنچاتے ہیں اُن کے لئے عذابِ الیم (تیار)ہے۔‘‘
اس آیت میں صراحت سے تذکرہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اَذیت پہنچانا ، تکلیف دینا بڑا جرم ہے ۔ اور جو اس کا ارتکاب کرتے ہیں : وَ الَّذِيْنَ يُؤْذُوْنَ رَسُوْلَ اللّٰهِ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِيْمٌ
’’اور جو لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو رنج پہنچاتے ہیں ان کے لئے عذابِ الیم ہے۔‘‘
پھر اسی سیاق میں یہ بات ذکر فرمائی کہ ایسا کرنا اللہ اور رسول کی مخالفت ہے اور اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ اعلانِ جنگ ہے ۔
اَلَمْ يَعْلَمُوْۤا اَنَّهٗ مَنْ يُّحَادِدِ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ فَاَنَّ لَهٗ نَارَ جَهَنَّمَ خَالِدًا فِيْهَا١. ذٰلِكَ الْخِزْيُ الْعَظِيْمُ (التوبۃ ۶۳)