کتاب: محدث شمارہ 341 - صفحہ 41
پہنچانا۔اس ’نشوونما‘ میں انسان کی طبعی زندگی کی پرورش اور اس کی ذات کی نشوونما، دونوں شامل ہیں ۔سورۃ حج میں ہے کہ﴿ اَلَّذِیْنَ اِنْ مَکَّنٰہُمْ فِیْ الاَرْضِ اَقَامُوْا الصَّلٰوۃَ وَاٰتُوْا الزَّکٰوۃَ﴾ (الحج:۴۱) ’’یہ (جماعت مؤمنین) وہ لوگ ہیں کہ جب اُنہیں زمین میں اقتدار حاصل ہوگا تو یہ اقامت ِصلوٰۃ اور ایتائے زکوٰۃ کریں گے۔‘‘یعنی اسلامی مملکت کا فریضہ ’ایتائے زکوٰۃ‘ہوگا یعنی دوسروں کو نشوونما دینا۔ اپنے افرادِ معاشرہ اور دیگر نوعِ انسان کی نشوونما کاسامان بہم پہنچانا۔اسی کے متعلق دوسرے مقام پر یہ ہے کہ مؤمن وہ ہیں ہُم لِلزَّکٰوٰۃِ فَاعِلُوْنَ (۴/۲۳) جو زکوٰۃ (یعنی نوع انسانی کی نشوونما) کے لیے جدوجہد کرتے ہیں ۔ ‘‘
اب سوال یہ ہے کہ مملکت اِسلامی (یا نظامِ خداوندی) اپنے اس عظیم فریضہ (نوعِ انسان کو نشوونما بہم پہنچانے کے فریضہ) کو سر انجام کس طرح دے گی؟ ظاہر ہے کہ اس مقصد کے لیے (اوّلاً) ذرائع پیداوار مملکت کی تحویل میں رہیں گے تاکہ وہ رزق کی تقسیم لوگوں کی ضرورت کے مطابق کر سکے اور (دوسرے یہ کہ) افراد معاشرہ جو کچھ کمائیں ، وہ اسے اس طرح رکھیں کہ مملکت اس میں سے جس قدر ضرورت سمجھے، ’ایتائے زکوٰۃ‘(دوسروں کی نشوونما) کے لیے لے۔ اس مقصد کے لیے قرآن کریم نے نہ کوئی شرح مقرر کی ہے، نہ نصاب۔ اس میں سوال ضرورت پوری کرنے کا ہے۔ حتی کہ اس ضمن میں یہ بھی کہہ دیا کہ جو کچھ افراد کی ضرورت پورا ہونے کے بعد بچ جائے، عند الضرورت وہ سب کا سب مملکت کی تحویل میں لیا جاسکتا ہے۔ (دیکھئے:۲۱۹/۲) اس نقطۂ نگاہ سے دیکھئے تو مملکت ِاسلامی کی تمام آمدنی ’ایتائے زکوٰۃ‘ کے مقصد کو پورا کرنے کا ذریعہ ہوگی۔‘‘[1]
٭ اسی طرح موصوف ج س د کے تحت لفظ اَلْجَسْدُ کی بحث میں لکھتے ہیں :
’’حضرت سلیمان علیہ السلام کے بیٹے کو (جو جہانبانی کی اہلیت نہیں رکھتا تھا ) جَسَدًا کہا ہے (۳۴/۳۸) یعنی محض گوشت کا لوتھڑا۔ بلکہ صرف دَابَّۃ (۱۴/۳۴)۔ تورات میں (حضرت سلیمان علیہ السلام کے اس بیٹے أجعام کے متعلق) ہے: ’’اور اجعام کی سلطنت کے پانچویں برس ایسا ہوا کہ مصر کے بادشاہ سیق نے یروشلم پر چڑھائی کی اور اس نے خداوند کا خزانہ اور بادشاہ کے گھرکا خزانہ لوٹ لیا۔‘‘ (نیز) … ’’حضرت سلیمان علیہ السلام کے زمانے میں ایک شخص یربعام نامی نے حیا کاہن کے ساتھ مل کر آپ کی سلطنت کے خلاف سازشیں کی تھیں ۔اُس وقت تو وہ اپنی مساعی
[1] لغات القرآن :2/809، 810