کتاب: محدث شمارہ 340 - صفحہ 25
کا روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور اس کا اسے کفارہ بھی دینا پڑے گا۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ
’’ہم اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص آیا اور کہنے لگا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! میں ہلاک ہوگیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا:کیا ہوا؟ اس نے کہا کہ میں حالت ِروزہ میں اپنی بیوی سے جماع کر بیٹھا ہوں ۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیاتم ایک غلام آزاد کرنے کی استطاعت رکھتے ہو؟اس نے کہا: نہیں ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ کیا تم دو ماہ مسلسل روزہ رکھنے کی طاقت رکھتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: کیا تم اتنی استطاعت رکھتے ہو کہ ساٹھ مسکینوں کو کھاناکھلا سکو؟ اس نے کہا: نہیں ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش ہوگئے۔ اسی اثنا میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس کھجوروں کا ایک ٹوکرا لایا گیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ سوال کرنے والاکہاں ہے؟سائل نے کہا: میں حاضر ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے کہاکہ یہ کھجوریں لو اور جاکر اِنہیں صدقہ کردو۔ اس نے کہا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! بھلا اپنے سے زیادہ کسی فقیر پر صدقہ کروں ۔ یہاں دو پہاڑوں کے درمیان تو کوئی گھرانہ ایسا نہیں جو میرے گھرانے سے زیادہ محتاج ہو۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس بات پر اتنا ہنسے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی داڑھیں نظر آنے لگیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جاؤ یہ کھجوریں اپنے گھر والوں کو کھلادو۔‘‘ (صحیح بخاری: ۱۹۳۶)
3.حیض و نفاس:روزہ کی حالت میں عورت کو حیض یانفاس کا خون آجائے تو روزہ باطل ہوجائے گا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حالت میں روزہ رکھنے سے منع فرمایا ۔ سیدناابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ
’’ ایک مرتبہ عیدالاضحی یا عیدالفطر کے موقع پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم عورتوں کے پاس سے گزرے اور فرمایا: ((ألیس إذا حاضت لم تصل ولم تصم)) قلن: بلی(صحیح بخاری:۳۰۴) ’’کیا ایسا نہیں کہ عورت ماہواری کے ایام میں نہ نماز پڑھتی ہے اور نہ روزہ رکھتی ہے ؟ عورتوں نے کہا: ہاں ایسا ہی ہے۔‘‘
نوٹ:حالت ِحیض میں عورت کے لیے نمازیں معاف ہیں جبکہ روزوں کی قضا دے گی۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے سوال کیا گیا کہ کیا حائضہ عورت نماز اور روزے کی قضا کرے گی؟ تو اُنہوں نے فرمایا: ہمیں روزوں کی قضا کرنے کا حکم دیا جاتا تھا اور نماز کی قضا کرنے کا حکم نہیں دیا جاتا تھا۔ (صحیح مسلم:۳۳۵)