کتاب: محدث شمارہ 338 - صفحہ 61
تذکرۃ المشاہیر کامران طاہر
جو بادہ کش تھے پرانے، اُٹھتے جاتے ہیں !
[مولانا عزیز زبیدی رحمہ اﷲ ؛ حالات وخدمات]
مولانا عزیز زبیدی رحمہ اللہ نے اپنی زندگی کے ۳۶ سال منڈی واربرٹن میں گزارے، آپ نے اس عرصہ میں دعوتی صلاحیتیں اس شہر کے باسیوں کی اصلاح کے لیے کھپا دیں ۔ اسی طرح ۱۹۴۸ء سے ۱۹۸۴ء تک منڈی واربرٹن اور ۲۰۰۳ء تک لاہور قیام کیا،لیکن آخری دس سال بیماریوں اور پیرانہ سالی کے دیگر عوارض میں گزرے۔ان کے اکثر ہم عصر احباب اس دنیا فانی سے کوچ کرچکے ہیں جب کہ واربرٹن میں ان کے شاگردوں کی کثیر تعداد موجودہے جن میں سے بیشتر بھی اپنی زندگی کی آخری حصے میں پہنچ چکے ہیں ،انہی نفوس سے میں نے کوشش کی ہے کہ مولانا کے متعلق یادداشتیں ترتیب دی جائیں ۔ عرصہ بیت جانے کی وجہ سے لوگ ان باتوں کو پختہ طورپر تو حافظہ میں برقرار نہ رکھ سکے، لیکن کچھ یادیں اور کام بہر حال ایسے ہوتے ہیں جو انسان کو عمر بھر یاد رہتے ہیں ۔راقم نے انہی لوگوں سے مل کر مولانا کے واربرٹن کے اَیام زندگی معلوم کرنے کی بالخصوص کوشش کی ہے جواپنی ترتیب سے ہدیۂ قارئین ہیں :
پیدائش
مولانا عزیز زبیدی صاحب موضع ساون والی بستی، تحصیل علی پور، ضلع مظفرگڑھ میں یکم فروری ۱۹۲۱ء میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام قاری فتح محمد تھا۔ گھرانہ دیندار تھا، اوائل عمر میں ہی والد ِگرامی انتقال کرگئے۔بہت چھوٹی عمر میں آپ کو یہ صدمہ اُٹھاناپڑا۔آپ جٹ خاندان سے تعلق رکھتے تھے جو صدیوں پہلے بستی ساون والی میں منتقل ہوگیا تھا۔
تعلیم وتربیت
مدرسہ ’قاسم العلوم‘ ملتان میں ابتدائی کلاس میں مولانا محمد شفیع سے تفسیر، فقہ، اُصولِ فقہ، نحو، منطق اور دوسرے فنون کی تعلیم حاصل کی۔ آپ کی سکول کی تعلیم باریکسی کو کچھ معلوم نہیں ،