کتاب: محدث شمارہ 335 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 335 مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی 99 جے ماڈل ٹاؤن لاہور ترجمہ: بسم اللہ الرحمن الرحیم فکرونظر پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے زیر نگرانی دینی صحافت کے مدیران کی سہ روزہ ورکشاپ پیش کردہ اَفکار و نظریات کا ناقدانہ جائزہ اقوامِ متحدہ کے اِدارے Alliance of Civilizations (تہذیبوں کے اتحاد) کے تحت ۱۲ تا ۱۵/اکتوبر۲۰۰۹ء کے درمیان مشہور تفریحی مقام بھوربن کے پرل کانٹی نینٹل ہوٹل میں ایک سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد ہوا، جسے واشنگٹن اور برسلز کی این جی اوSearch for Common Grounds ( مشترکہ اساسات کی تلاش) کے اسلام آباد آفس نے منظم کیا تھا۔ سہ روزہ ورکشاپ میں پاکستان کی دینی صحافت کے مشہور جرائد کے مدیران کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ افتتاحی سیشن میں ورکشاپ کا مقصد’’دینی صحافت کے مسائل کا اِدراک، درکار صلاحیتوں کا فروغ، دینی صحافت کی ضروریات کی تکمیل اور خصوصی مہارتوں کا فروغ‘‘ بیان کیا گیا۔ یوں تو اَقوامِ متحدہ اور اس جیسے مغربی ادارے مسلم اُمہ کے مسائل کو جس مخصوص نظر دیکھتے اور ان کے جیسے بامقصد حل کی تلقین کرتے ہیں ، اس کا رخ اہل نظر سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، لیکن اپنے موضوع کی اہمیت اور ایسے نامورشرکا کے علم وفضل سے استفادہ اور ان کے ساتھ طویل وقت گزارنے کا یہ پہلا موقع تھا، جن کی تحریریں عرصۂ دراز سے پڑھی پڑھائی جاتی ہیں ۔ کسی مجلے کے مدیر کی شخصیت، اَفکار و رجحانات اور اَذواق اس کے زیر اِدارت مجلہ اور اس کی تحریر میں بخوبی دکھائی دیتے ہیں ، اس لئے بہت سے لوگوں کو ملنے کی خواہش نے راقم کو بھی اس ورکشاپ میں شرکت پر مجبور کردیا۔ ایک طویل عرصہ، کم وبیش دس برس کے بعد یہ ورکشاپ دینی صحافت کے مدیران کو مل بیٹھنے کا موقع فراہم کررہی تھی اور نوجوان اہل علم وقلم کی شرکت اس ورکشاپ کا طرئہ امتیاز تھی۔ ۲۲ کے لگ بھگ شرکا میں ہفت روزہ ’ایشیا‘ کے مدیر مرزا محمد اِلیاس، ماہنامہ ’الشریعہ‘ کے مدیر محمد عمار خان ناصر، ہفت روزہ ’الاعتصام‘ کے مدیر حافظ احمد