کتاب: محدث شمارہ 33 - صفحہ 36
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم مدینہ منورہ سے ایک مکتوب بخدمت گرامی حافظ عبدالرحمٰن صاحب مدنی، مدیراعلیٰ مجلہ ’’محدث‘‘ لاہور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ ہمیں اس اطلاع سے سخت ذہنی تکلیف اور روحانی صدمہ پہنچا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں ایک فلم’’فجر اسلام‘‘ (Dawn of Islam)کے نام سے دکھلائی جارہی ہے معلوم ہوا ہےکہ اس فلم میں عہد رسالت کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں او ریہ دعویٰ کیا ہے کہ سرورکائنات صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین میں سے کاکردار فلم میں نہیں دکھایا جائے گا، لیکن ہماری اطلاع کے مطابق صحابہ کرام میں سے بعض کا کردار اس فلم میں اس فلم اسٹاروں نے ادا کیا ہے جن کا اخلاقی دیوالیہ پن اظہر من الشمس ہے۔ ہم اس حادثہ پر اپنے گہرےرنج و غم کا اظہارکرتے ہیں کہ وہ پاکستان جس سے اسلام کی نشاۃ ثانیہ کی امیدیں اسلام کے شیدائی لگائے بیٹھے ہیں اس مملکت میں اسلام کی ایسی جگ ہنسائی ہوئی اور توحید کے مثالی فرزندوں کی توہین ہوئی، اس المیہ پر جس قدر رنج و غم کا اظہار کیا جائے کم ہے۔ عالم اسلام کے تمام علمائے حق کا اس پر کامل اتفاق ہے کہ انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے واقعات و کردار پر فلم بنانا، اس کو پردہ سکرین پرپیش کرنا، او راس باب میں کسی قسم کا تعاون کرنا، کتاب و سنت کی روشنی میں قطعی حرام اور ناجائز حرکت ہے او ریہ کہ ایسی فلم کی نمائش پیغمبر اسلام سید العرب والعجم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین و تذلیل ہے۔ لہٰذا ہم حکومت سے پُرزور احتجاج اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس رسوائے زمانہ فلم کی نمائش فوراً بند کی جائے اور آئندہ کے لیے اس قسم کی حرکتوں کے سدباب کا انتظام کیا جائے، ہم اراکین قومی اسمبلی او رممبران سینٹ سےبھی مطالبہ کرتے ہیں کہاگر ان کو اسلام او رپیغمبر اسلام سے ذرا بھی محبت ہے تو وہ اپنی اولین فرصت میں اس قسم کی اسلام دشمن حرکتوں کے سدباب کے لیے بل پیش کریں اور کامل اتفاق رائے سے اس کو منظور کرکے ان نام نہاد مسلم ملکوں کونمونہ دکھائیں جنہوں نے ایسی ناپاک جسارت کی ہمت افزائی کی ہے کہ اسلام کے سچے شیدائی اب بھی روئے زمین پر باقی ہیں ۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہماری آواز بصحرا ثابت نہ ہوگی، والسلام من جانب۔ پاکستانی طلباء جامعہ اسلامیہ۔مدینہ منورہ