کتاب: محدث شمارہ 33 - صفحہ 34
رہائشی سہولتیں
طلبا کی رہائش کے لیے جامعہ کے وسیع احاطے میں ہوسٹل کا انتظام کیا گیا ہےجس میں کمرے ہرقسم کے ضروری فرنیچر سے آراستہ ہوتے ہیں ۔
ثقافتی و اجتماعی سرگرمیاں
جامعہ میں تعلیم و تدریس کے علاوہ حسب ذیل سرگرمیاں بھی جاری رہتی ہیں :
(الف) خطبات: جامعہ میں ہرسال تعلیم کے دوران علمی خطبات[1] (لیکچروں ) کا انتظام کیا جاتا ہے۔اس طرح طلبہ اور شہر کے اہل ذوق حضرات، عالم اسلام کے مشہور مفکرین، اہل علم اور اصحاب دانش سےاستفادہ کرتے ہیں ۔
(ب) تقریری مشق و تمرین : جامعہ کے شعبہ اجتماعات کے زیر نگرانی طلبہ کی ایسی مجالس منعقد کی جاتی ہیں جن میں وہ خطابت (تقریر) کی مشق کرتے ہیں ۔ ساتھ ہی ان مجالس میں مشاعرہ، بیت بازی او رعلمی مباحثات کابھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ سب سرگرمیاں جامعہ کے مدرسین اور شعبہ اجتماعات کے نگرانی حضرات کی زیرسرپرستی انجام پاتی ہیں ۔
(ج) جسمانی ورزش: مذکورہ بالامشاغل کے ساتھ ساتھ جامعہ میں طلبہ کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیےوزرش اورمناسب کھیلوں کا بھی انتظام کیاجاتاہے مثلاً ویٹ لفٹنگ، پیراکی، رسہ کشی، دوڑ، والی بال، اورباسکٹ بال وغیرہ۔
(د) سیروسیاحت: طلبہ کے لیےتعلیم اور تعطیل کے زمانہ میں مختلف مقامات کی سیر اور پکنک منانے کا انتظام کیا جاتا ہے اس طرح طلبہ کو اہم تاریخی مقامات کامشاہدہ او رمختلف دیہات و قصبات میں دعوت و تبلیغ کی عملی تربیت حاصل ہوجاتی ہے۔
درسی کتب اورلائبریریاں
جامعہ میں داخلہ لینے والے تمام طلبہ کو درسی کتب مفت مہیا کی جاتی ہیں نیز جامعہ کی متعدد لائبریریوں میں مفید اور گراں قدر کتابوں کاخزانہ موجود ہے جس سے طلبہ استفادہ کرتے ہیں ؟
طبی سہولتیں
جامعہ میں ایک ڈسپنسری کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس میں طلبہ کے علاج و معالجہ کے لیے تجربہ کار ڈاکٹر مقرر ہیں ۔اس ڈسپنسری میں طلبہ کو علاج و معالجہ اور ادویہ مفت مہیا کی جاتی ہیں ۔ اس کے ساتھ ایکسرے لیبارٹری اور دیگر ناگزیر ضروریات کا انتظام کیا گیا ہے۔
[1] ایسا نظام حج کےموقعہ پر خصوصی طور پر منیٰ کے میدان میں جہاں جامعہ کی طرف سے طلبہ اور اساتذہ کے علیحدہ خیمے لگتےمیں بھی کیاجاتاہے ۔