کتاب: محدث شمارہ 326 - صفحہ 148
قار ئین کرام! یہاں میں حافظ محمد یحییٰ عزیز میر محمد ی رحمہ اللہ کے دیگر حالاتِ زندگی سے قبل ان انٹرویوز کے بعض حصے پیش کرتا ہوں جو میں نے اُن سے اپنے غریب خانے میں ۲۰۰۴ء سے ۲۰۰۶ء کے دوران ریکارڈ کیے : سوال :آپ اپنا نام، والد ِ گرامی اور دادا جان کا نام بتائیے؟ جواب:محمد یحییٰ عزیز میر محمدی بن حافظ محمد عظیم بن نواب خان بن روشن دین سوال : آپ کب اور کہاں پیدا ہوئے؟ جواب: ۴ شوال ۱۳۴۵ھ بمطابق ۱۲/دسمبر ۱۹۲۷ء کو ضلع لاہور، حال قصور کے معروف گاؤں میر محمد میں پیدا ہوا۔ سوال: جب آپ کی شادی ہوئی تو اس وقت آپ کی عمر کتنی تھی؟ جواب: عمرتقریباً ۲۵ برس ہوگی ،میرے چچا حافظ دوست محمد میرے سسر ہیں ۔ سوال:آپ کو دینی تعلیم حاصل کرنے کا شوق کیسے پیدا ہوا؟ جواب: والدین کی شرافت اور نیکی کے اثرات نے میری تربیت میں کافی مدد دی۔ بچپن ہی سے مجھے نیک کام کرنے اور بھلائی والے اعمال میں حصہ لینے کا شوق اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت سے ملا، گھر میں ہی رہتے ہوئے قرآنِ مجید کی تعلیم کا آغاز اپنے چچا حافظ دوست محمد سے کیا۔ سوال : کن کن مدارس میں زیر تعلیم رہے اوربالآخر کس مدرسہ سے فارغ التحصیل ہوئے ؟ جواب: ابتدائی تعلیم میر محمد میں قائم مدرسہ میں حاصل کی، یہاں حفظ ِقرآن اور مشکوٰۃ شریف کی تعلیم حاصل کی، اس کے بعد امر تسر چلا گیا اور مدرسہ غزنویہ امر تسر میں زیر تعلیم ہی تھا کہ پاکستان معرضِ وجود میں آگیا ۔تقسیم ہند کے بعد کچھ عرصہ یہ سلسلہ رک گیا تھا۔ بعدازاں پاکستان آکر اپنے نا نا جی کے شاگردِ خاص مولانا عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ جو گوندلا نوالہ ضلع گوجرانوالہ میں تدریس پر مامور تھے، ان سے کچھ عرصہ اکتسابِ فیض کیا۔ پھر شیخ الحدیث حافظ محمد گوندلوی رحمہ اللہ جو اس وقت ٹاہلی والی مسجد، گوجرانوالہ میں پڑھاتے تھے، ان کے حلقہ تدریس میں شامل ہو کر بخاری شریف ودیگر کتب پڑھ کر فارغ التحصیل ہوا۔ سوال: دینی مدارس میں دورانِ تعلیم جن اساتذہ وعلماسے استفاہ کیا، ان کے اسماے گرامی ؟