کتاب: محدث شمارہ 323 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 323
مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی
پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور
ترجمہ:
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
فکر و نظر
خفیہ ایجنسیاں اور عالمی سیاست
اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خفیہ فوجی ایجنسی ISIآج کل اپنے پرایوں کے تابڑ توڑ حملوں کی زد میں ہے۔ کوئی دن نہیں گزرتا، جب کوئی پھلجھڑی نہ چھوڑی گئی ہو۔ آئی ایس آئی کا وزارتِ داخلہ کے ماتحت جانا ہو، اُلٹے پاؤں اُس کی واپسی ہو یاطالبان کیساتھ ’محبت کی پینگیں ‘ یا اس سے بھی آگے عالمی سطح پر ہونے والی ہرطرح کی دہشت گردی ہو، آئی ایس آئی کا نام سرفہرست ہے۔ طالبان سے ’رشتہ‘ اور عالمی دہشت گردی کے تمام تر شواہد امریکی اسٹیبلشمنٹ کے ہر ذمہ دار کے بریف کیس میں ہر لمحہ موجود رہتے ہیں جو موقعہ بہ موقعہ عالمی پریس کو فراہم کردیئے جاتے ہیں ۔
امریکہ جس ’شد و مد‘ سے آئی ایس آئی اور دہشت گردی کا رشتہ جوڑ رہا ہے، یوں محسوس ہوتاہے کہ مستقبل میں گلی محلے میں بچوں ، بڑوں کی باہم لڑائیوں میں بھی آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کے شواہد امریکہ اور اس کے اتحادی فراہم کردیاکریں گے اور مبینہ طور پر امریکہ چونکہ سپرپاور ہے، اس لئے مستندہے اُن کا فرمایاہوا۔ ’ماتحت‘ حکمرانوں کو ماننے بلکہ ایمان لاتے ہی بنتی ہے۔ یہی وہ روّیہ ہے جو پاکستان کے عوام ایک عرصہ سے دیکھتے چلے آرہے ہیں !
امریکن CIAہو، بھارتی RAWہو، صہیونی MOSAD ہو یا افغانی KHAD ہو۔ یہ ’عالمی امن ‘ کے چارستون ہیں اور اِن کاوجود نہ ہوتا تو دنیا آج جس ’سکھ اور سکون‘ کاسانس لے رہی ہے، ممکن نہ ہوتا۔ پاکستان کے اندر ہونے والی دہشت گردی اگر ’کم‘ ہے تو اس کا سارا ’کریڈٹ‘ انہی چار ایجنسیوں کو جاتاہے۔ امریکہ، بھارت، اسرائیل اور افغانستان کا کم از کم یہی موقف ہے۔ ان کی ایجنسیاں پَوتر پانی سے دھلی دھلائی ہیں ۔ حالانکہ امر واقعہ یہ ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ مؤثر نیٹ ورک اگر ہے تو وہ FBI, CIA اور MOSAD کا ہے۔ دوسرے ممالک کی بھی ہوں گی،KGB بھی ہے مگر شاید ان سے کم۔ پوچھا جاسکتا ہے کہ عالمی سطح کا یہ نیٹ ورک ہے کس لئے؟ یہ صرف اور صرف اس لئے فعال ہے کہ دوسرے ممالک میں ہر قیمت پر انتشار پیدا کرکے، اسے کمزور کرکے، امریکی مفادات کی تکمیل کی جائے۔ ہم محض الزام نہیں