کتاب: محدث شمارہ 322 - صفحہ 72
مزید برآں ، اس ’معتدل مزاج‘ قوم کی اعتدال پسندی کا وہ مظہر تو کسی سے بھی مخفی نہیں ہے جو حالیہ دنوں میں ظہور پذیر ہورہا ہے کہ مسلمانوں کے شدید احتجاج کے باوجود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی سے متعلقہ خاکے بار بار شائع کئے جارہے ہیں اور پھر انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ اس واقعے پر معذرت کی بجائے اسے آزادیٔ اظہار کے پُرفریب نام سے موسوم کیا جارہا ہے۔ اب ایک طرف تو اہل مغرب کی اس تاریخ کو سامنے رکھئے اور دوسری طرف ان مشرقی دانشوروں کے طرزِعمل پر غور کیجئے جو یکے بعد دیگرے اعتدال اور میانہ روی کے نام پر اپنی تمام مذہبی اقدار و روایات سے دستبردار ہوتے جارہے ہیں اور اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ شاید ہمیں بھی تہذیب کے اس استاد کی طرف سے ’اعتدال پسند‘ اور ’میانہ رو‘ کی سند ِفضیلت جاری کردی جائے، لیکن ’عالی جاہ‘ کے ماتھے کی شکنیں ہیں کہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں اور چہرے کی سلوٹیں ہیں کہ بدستور بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر کہا جاسکتا ہے کہ اہل مغرب کے یہ زلہ ربا اس دوڑ میں خدا سے تو بتدریج دور ہوتے ہی جارہے ہیں ، لیکن آثار و قرائن بتاتے ہیں کہ یہ ’وصالِ یار‘ سے بھی ہمکنار نہیں ہوپائیں گے۔ مولانا سید محمد داؤد غزنوی رحمہ اللہ کے الفاظ اس صورتِ حال کی کس قدر بھرپور ترجمانی کرتے ہیں ! : ’’یہ مستشرقین کی میز سے گرے ہوئے ٹکڑے کھانے والے مسلمان، یہ کعبۂ یورپ کے شوق میں لکیر کے فقیر بنے ہوئے ہیں ۔ شیداے مغرب ہونے کے بعد یہ بدقسمت مسلمان مشرقیت سے محروم ہو ہی گئے مگر اہل مغرب میں بھی اُنہیں کوئی مقام نہیں ملا۔یہ گھر اور گھاٹ کے درمیان روایتی کتے کی طرح چکر لگا رہے ہیں ۔‘‘ (مقالا تِ مولانا داؤد غزنوی: ص۳۲۸) اہل مغرب کا پیمانۂ اعتدال حال ہی میں امریکی ادارے ’رینڈکارپوریشن‘(Rand Corporation)کی طرف سے ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں مسلمانوں کو ’اعتدال پسند‘ بنانے کے ممکنہ وسائل اور طریقوں پر غور کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کی کچھ تفصیل ہفت روزہ ’غزوہ‘ کے کالم ’حقیقت ِحال‘ میں بھی شائع ہوئی ہے۔ اس کالم کے مطابق مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’حتمی نتیجہ جو پہلے ہی واضح ہے، یہ ہے کہ سچ مچ کے اعتدال پسندوں کی حوصلہ شکنی کی جائے۔‘‘ یعنی پہلے تو اُنہیں پوری دنیا میں صرف مسلمان ہی شدت پسند دکھائی دیئے اور اُنہیں کو اعتدال پسند بنانے کی فکر دامن گیر ہوئی جبکہ دوسری طرف قابل قبول اعتدال کے تعین کے