کتاب: محدث شمارہ 322 - صفحہ 36
فقہ واجتہاد شیخ سائد بکداش
ترجمہ: محمد مصطفی راسخ
کیا والد بیٹے کا مال لے سکتا ہے؟
حدیث ((أنتَ ومالک لأبیک))کا تحقیقی جائزہ
اسلام ایک مضبوط ومستحکم خاندانی نظام کا حامل دین ہے جس میں حقوق و فرائض کی لمبی چوڑی تفصیلات ملتی ہیں اور انہی پر عمل بجا لاکر آج مسلمانوں میں رشتوں کا احترام اور اس کے نتیجے میں چین و سکون پایا جاتا ہے۔ موجودہ دورِ زوال میں آج بھی مسلم معاشرے اپنے اسی خاندانی نظام کی بدولت غیرمسلموں میں رشک کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں ، اور اس امر کا کھلا اعلان ہیں کہ اسلام ہی ہماری فلاح کا ضامن ہے اور جس جس میدان میں اسلام پر عمل ہوگا، اس حد تک دین کی برکات ہمیں حاصل ہوتی رہیں گی۔ یاد رہے کہ خاندانی نظام سے لازماً ’مشترکہ خاندانی نظام‘ مراد نہیں بلکہ اس سے نسب ونسل، رضاعت و تربیت، کفالت، اولاد میں مساوات، وراثت و وصیت، نکاح و طلاق، نفقہ وسکنی، میاں بیوی، اولاد ووالدین اور رشتہ داروں کے مابین حقوق وفرائض کے شرعی احکامات مقصود ہیں جس کا نتیجہ قریبی عزیز واَقارب میں صلہ رحمی، قربانی، ذمہ داری اور قربت ومودّت کی صورت میں نکلتا ہے۔
دلچسپ امریہ ہے کہ مسلمانوں کے مغربی تعلیم یافتہ طبقے، سیکولرزم سے والہانہ وارفتگی کے باوجود اجتماعیت کی سب سے پہلی اور مضبوط اکائی ’خاندان‘ کو تاحال مذہب کی بنیاد پرہی استوار رکھنے پر مجبور ہیں ۔دوسرے لفظوں میں یہ اجتماعی زندگی کا وہ واحد میدان ہے جہاں مذہب کو ذاتی مسئلہ سمجھنے والے اپنے بنیادی رشتوں ناطوں کو دین کی بنیاد پر ہی استوار کرنے کے سوا کوئی جائے عافیت نہیں پاتے۔لیکن اہل مغرب نے اس بنا پر اجتماعی میدانوں میں مذہب کی اس غیرمعمولی اہمیت کو تسلیم کرنے کے بجائے اس کو اَحوال شخصیۃ Personal Life کا غیر حقیقی نام دے کرمنافقت ،ثنویت اور دوہرے معیارکا مظاہرہ کیا ہے۔
بہرطور اس فکری و نظری پس منظر سے قطع نظر، مسلم معاشروں میں باہمی رشتہ داریوں میں بعض مسائل انتہائی نازک وحساس حیثیت کے حامل ہیں جن میں ایک زیر نظر مسئلہ بھی ہے۔ دورِ حاضر میں اسلام کی مستند تشریح اور درپیش مسائل میں اصل مصادرِ اسلام سے رہنمائی حاصل کرنا ’محدث‘ کا مشن ہے۔ اسی بنا پردو برس قبل کعبہ معظمہ کے عین سامنے ایک جنرل سٹور پر راقم کو عربی زبان میں یہ نئی تحقیق نظر آئی تو اُسی وقت یہ عزم کرلیا کہ اس کو اُردو میں بھی پیش کیا جائے گا۔ آج یہ خواہش عملی طورپرالحمد للہ آپ کے سامنے موجود ہے۔ موضوع