کتاب: محدث شمارہ 321 - صفحہ 65
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ لفظ تصویر سے حکم ربانی کا مقصود کیا ہے؟ یا دوسرے الفاظ میں تصویر کی حرمت والی نصوص کا مفہوم کیا ہے؟ بعض متجددین کا خیال ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تصویر کا جو لفظ ارشاد فرمایا تھا ، اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کامقصود اپنے زمانے کی مروجہ تصویر کی مختلف شکلیں تھیں جو ہاتھ ہی سے بنائی جاتی تھیں لیکن یہ درست نہیں ۔
میں تمدنی ارتقا کے اس مسئلہ کواس لیے طول نہیں دینا چاہتا کہ مولانا محمد رمضان سلفی اور دیگر حضرات نے یہ بات کھول کر بیان کردی ہے کہ یہ بات ہمارے کہنے کی نہیں بلکہ یہ ان سے پوچھو جن کی زبان عربی ہے کہ وہ اس کو’ تصویر‘ کہتے ہیں یا کچھ اور۔ میں بھی یہی کہتا ہوں کہ کیا عربی زبان میں فوٹوگرافی کو’ تصویر‘ نہیں کہتے… ؟
عکس اور تصویر کا فرق
بعض لوگ فوٹوگرافی کو عکس قرار دے کر اس کا جواز نکالنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ عکس اور تصویر میں فرق ہے۔ عکس کے اندراگرچہ پہلی نظر میں شباہت ایک جیسی معلوم ہوتی ہے،لیکن درحقیقت اعضا دائیں بائیں اُلٹ جاتے ہیں ، جبکہ تصویر میں دایاں بایاں اسی طرح رہتا ہے۔