کتاب: محدث شمارہ 320 - صفحہ 20
اے مسلمان بیٹیو ! تم بخوبی جانتی ہو کہ اسلام سے قبل اور اسلام کے بعد بلاد ِکفر میں تمہاری کیا حیثیت تھی اور تمہیں یہ بھی معلوم ہوگا کہ عورت نے اسلام سے کیا کیا فوائد حاصل کئے؟
کیا عورت کے جسم کو جذباتی تسکین اور متاعِ محض نہیں سمجھا جاتا تھا؟اس کے ازدواجی وخاندانی حقوق سلب کر دیے گئے تھے۔ لیکن اسلام نے اسے اپنے دامنِ عزت میں جگہ دی اور اس کے حقوق کی حفاظت کی۔ اللہ سے ڈر جاؤ، اسلام پر پابندی اختیار کرو، عفت وعصمت کے تحفظ اور حجاب کے معاملہ میں سختی برتو۔ اورکہیں منافقین وملحدین کے دامِ فریب میں نہ آجانا۔ وہ تمہاری ساکھ اور اخلاق کو داغدار کرنا اور تمہاری بربادی وتباہی کا سامان چاہتے ہیں ۔
مسلمان تاجرو !مسلمانوں کے بارے میں اللہ سے ڈر جاؤ۔ حلال طریقوں سے مال کماؤ اور حلال جگہ پر ہی خر چ کرو۔اپنے بھائیوں سے نرمی کا معاملہ کرو، سختی نہ کرو۔ تنگدست کو آسانی فراہم کرو، زمین پر رہنے والوں پر رحم کرو گے تو آسمان والا تم پر رحم فرمائے گا۔
اے حی قیوم ذات،اے رحمن و رحیم ربّ !ہمیں اپنے عذاب سے چھٹکارا عطا فرما دے ۔ اے ربّ العالمین !ہماری لغزشوں سے در گزر فرما۔اللہ !تیرے یہ بندے آج کے عظیم دن اور عظیم مقام پر جمع ہو کر تیرے سامنے اپنی محتاجی،فقیری اور عجزو انکساری کا اعتراف کرتے ہوئے تیری رحمت کا سوال کرتے ہیں ۔ اے اللہ! ہمارے گناہوں سے صرفِ نظر کرتے ہوئے اپنی مغفرت سے ہمیں نواز دے۔ اے اللہ! اسلام اور مسلمانوں کو عزت بخش اور شرک ومشرکین کو ذلیل ورسوا فرما۔
اے اللہ ! اپنے موحد بندوں کی مغفرت فرما اور دین کے دشمنوں کو نابود کردے۔ اے اللہ! مسلمانوں کو خیر پر متحد کردے اُنہیں عزت عطا فرما۔ ان کی کمزوریوں کو قوت میں بدل دے،ان کی بکھری ہوئی جماعتوں کو خیر پر مجتمع کردے۔
اے ہمارے ربّ! ہمیں اور ہمارے ان مؤمن بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے گزر چکے اور ہمارے دلوں میں ایمان والوں کے لیے بغض نہ ڈالنا،بے شک تو رؤف رحیم ہے۔
طوالت کے پیش نظر خطبہ کے اوّلین حصہ کا ترجمہ شائع نہیں کیا گیا۔شائقین
مکمل متن www.mohaddis.com پر مطالعہ کرسکتے ہیں ۔ ادارہ