کتاب: محدث شمارہ 318 - صفحہ 41
تاریخ وسیر حافظ محمد اسماعیل روپڑی رحمۃ اللہ علیہ [1]
شہید ِکربلا سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی
مناظر اسلام حافظ عبد القادر روپڑی رحمہ اللہ کے بڑے بھائی حافظ محمد اسماعیل روپڑی رحمہ اللہ … اللہ اُن پر اپنی کڑوڑہا رحمتیں نازل فرمائے… ماضی قریب کے عظیم دینی رہنما اور بے مثل خطیب ہوگزرے ہیں ۔قیامِ پاکستان کے بعد کے دوعشرے سرزمین وطن کے گوشے گوشے میں آپ نے توحید وسنت کے پیغام کو پہنچانے میں دیوانہ وار صرف کئے بالخصوص لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا اور کراچی کی بیسیوں مساجد آپ کی حسناتِ باقیات میں سے ہیں جو آپ کے لئے عظیم توشۂ آخرت ہیں ۔ اسی طرح دورِ حاضر کے متعدد نامور اہل علم نے آپ کی مخلصانہ دعوت وتربیت کے نتیجے میں اس مقدس نبوی صلی اللہ علیہ وسلم مشن کے راہی بننے کی سعادت حاصل کی۔
آپ کی زیر نظر تحریرقارئین ’محدث‘ کے لئے ایک نادر و نایاب تحفہ ہے جو ۱۹۵۰ء کے بعد پہلی مرتبہ مکمل صورت میں شائع ہورہی ہے۔ حکیم یحییٰ عزیز ڈاہروی نے اپنے ذاتی ریکارڈ سے اس قدیم تحریر کو ہمارے لئے میسر کیا ہے۔ تاریخ اسلام کے اہم ترین واقعہ پر آپ کی یہ مایہ ناز تحقیق جہاں علم وجستجو کی ایک درخشندہ مثا ل ہے، وہاں ذاتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور اہل بیت ِ عظام رضی اللہ عنہم سے والہانہ محبت کا ایک درد مندانہ اظہار بھی ہے۔یہ تحریر اس اہم ترین واقعہ پر ایک معتدلانہ اور محققانہ موقف کی آئینہ دار ہے!
اس تحریر کے مرتب حافظ روپڑی مرحوم، مدیر اعلیٰ ’محدث‘ کے قریبی رشتہ دار ہونے کے ساتھ خاص مربی بھی تھے۔اس اعتبار سے محدث کی ۴۰ سالہ خدمات میں بھی ان کا ایک حصہ موجود ہے اور ان کی اس تحریر کی اشاعت ہمارے لئے سعادت کادرجہ رکھتی ہے۔ حافظ موصوف کے اکلوتے فرزند حافظ ایوب اسمٰعیل بھی اپنے والد کے مخلصانہ جذبۂ ایمانی کے مصداق ہمیشہ سے ادارئہ محدث اور اس سے وابستہ دیگر اداروں کے خصوصی سرپرستوں اور معاونوں میں شامل ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ان علماے دین کی عظیم خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے، اور اِن کے نیک کاموں کو جاری وساری رکھنے کی توفیق اَرزانی فرمائے۔ آمین! (حسن مدنی)
سلام ہو، محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر… کیا ہی خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل کے اُسوئہ حسنہ کی اتباع کا فخر حاصل ہے اور وہ جادۂ زندگی کے ہر مرحلہ اور ہر شعبہ میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم ، آلِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے نقشِ قدم پرچلنے میں اپنی کامیابی
[1] خطیب جامع اہلحدیث سرگودھا ، بلاک 19.... ماڈل ٹاؤن ، سی بلاک ، لاہور