کتاب: محدث شمارہ 318 - صفحہ 24
تاریخ قرآن شیخ عبدالفتاح عبدالغنی القاضی قسط نمبر۲ ترجمہ و تخریج : محمد اسلم صدیق[1] المصحف الشریف … ایک تاریخی جائزہ جمع وتدوینِ قرآن کے اَدوار گذشتہ تصریحات سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ قرآنِ کریم کو تین مرتبہ جمع کیا گیا: 1. نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں 2. حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دور میں 3. حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کے دور میں لیکن ان تینوں اَدوار میں جمع قرآن کی نوعیت میں واضح فرق ہے۔ ذیل میں ہم فرق کی اس نوعیت کو واضح کریں گے : عہد ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں تدوین قرآن عہد ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں کتابت ِقرآن کی صورت یہ تھی کہ جب قرآنِ کریم کا کوئی حصہ نازل ہوتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کاتب ِوحی کو یہ ہدایت فرماتے کہ اسے فلاں سورت میں فلاں فلاں آیت کے بعد لکھا جائے ، لیکن قرآنِ کریم کی یہ کتابت پتھر کی سلوں اور جانوروں کی ہڈیوں وغیرہ پر متفرق پارچوں کی شکل میں تھی، جیسا کہ اس کی وضاحت گذشتہ صفحات میں گزر چکی ہے۔اگرچہ دورِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں قرآنِ کریم کی حفاظت کا دارومدار حفظ پر تھا، لیکن اس کے باوجود اسے تحریر میں لانا اس لئے ضروری سمجھا گیا کہ اس کے ایک ایک لفظ کی حفاظت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہ رہ جائے ۔نیز قرآنِ کریم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لئے ایک مقدس متاع کی حیثیت رکھتا تھا، لہٰذا اُنہوں نے انفرادی حیثیت سے بھی بطور ِیادگار اسے ضبط ِتحریر میں لانے کا اہتمام کیا، جیسا کہ عموماً نادر اور نایاب اشیا کی حفاظت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
[1] لیکچرار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور ( فیصل آباد کیمپس ) فاضل جامعہ لاہور الاسلامیہ