کتاب: محدث شمارہ 317 - صفحہ 53
امام مکحول رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے ان سے زیادہ فقیہ کسی کو نہیں دیکھا۔ ان کا اثر باب ۴۱، حدیث ۱ میں ہے، سند صحیح ہے۔ 7. امام سعید بن جبیر رحمہ اللہ کا نام سعید بن جبیر اسدی کوفی ہے۔ آپ ثقہ ثبت اور فقیہ ہیں ۔ عائشہ رضی اللہ عنہا ، ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ وغیرہ سے ان کی روایت مرسل ہے۔ اُنہیں حجاج بن یوسف کے سامنے قتل کیا گیا۔ ان کا اثر باب ۴۱، حدیث ۲ میں ہے ۔ اس اثر کا راوی اسماعیل بن عبدالملک رحمہ اللہ صدوق لیکن کثیر الوہم ہے۔ 8. امام اخنف رحمہ اللہ کا نام اخنف بن قیس بن معاویہ بن حصین تمیمی سعدی ابوبحر ہے۔ اس کے علاوہ ان کا نام ضحاک ہے اور صَخَربھی منقول ہے۔ آپ بھی مُخضرم،ثقہ اور صحاحِ ستہ کے راوی ہیں ۔ ان کا اثر باب ۴۲ حدیث ۱ میں بہ سند صحیح موجود ہے۔ 9. قاضی شریح رحمہ اللہ کا نام شریح بن حارث بن قیس کوفی نخعی القاضی ابو اُمیہ ہے۔ آپ بھی مخضرم اور ثقہ ہیں ۔ کہا جاتا ہے کہ ان کو صحبت حاصل ہے۔ آپ کا اثر دو سندوں سے ہے۔ باب ۴۳ حدیث ۷ اور باب ۴۴ حدیث۱۔ دونوں سندیں صحیح ہیں ۔ شریک کے اثر کی تائید امام وکیع کے اثر سے بھی ہوتی ہے۔ 10. امام سالم کا نام سالم بن عبداللہ بن عمر بن خطاب قرشی عدوی ابوعمر یا ابوعبداللہ مدنی ہے۔ مدینہ کے کبار فقہاے سبعہ سے ہیں ۔ آپ ثبت، عابد اور فاضل ہیں ۔ سنت اور طریقہ پر عمل پیرا ہونے میں اپنے والد عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے مشابہ تھے۔ صحاحِ ستہ کے راوی ہیں ۔ 11. امام قاسم کا نام القاسم بن محمد بن ابی بکر صدیق تیمی ہے۔ آپ ثقہ ہیں اور فقہاے مدینہ میں سے ایک ہیں ۔ امام ایوب رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے ان سے افضل کسی کو نہیں دیکھا۔ صحاحِ ستہ کے راوی ہیں ۔ ان دونوں کا ایک اثر ترمذی کے حوالہ سے گزر چکا ہے اور دوسرا اثر باب ۴۳ حدیث ۸ میں بہ سند صحیح ہے۔ 12. سیدنا جبریل علیہ السلام کا عمامہ:سعید بن جبیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ فرعون کے غرق ہونے کے دن جبریل علیہ السلام کے عمامہ کا رنگ سیاہ تھا۔ (مصنف بن ابی شیبہ : باب ۴۰ حدیث ۱۲) امام سعید تک سند صحیح ہے۔