کتاب: محدث شمارہ 317 - صفحہ 49
آثارِ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم
1. سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے پانچ مرفوع روایات عمامہ کے سلسلہ میں گزر چکی ہیں جس میں سے ایک روایت میں بَرْنَسْ (بڑی ٹوپی) کا بھی ذکر ہے اور انہی سے مروی ترمذی کی حدیث کے تحت ان کاایک اثر بھی گزر چکا ہے۔ اب ان کا دوسرا اثر بھی ملاحظہ فرمائیں :
2. سیدنا عبدللہ بن دینار رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب مکہ مکرمہ تشریف لے جاتے تو ایک گدھا بھی اپنے ساتھ رکھتے جب وہ اونٹ کی سواری سے تھک جاتے تو آسانی اور آرام کے لئے گدھے پر سواری کرتے تھے اور ایک عمامہ جسے وہ سر پر باندھے رکھتے تھے۔ چنانچہ ایک دن وہ اپنے گدھے پر جارہے تھے کہ ایک دیہاتی سے ان کی ملاقات ہوگئی۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے پوچھا کہ تو فلاں کا بیٹا اور فلاں کا پوتا ہے، اس نے کہا: جی ہاں ! اُنہوں نے اس اَعرابی کو گدھا دے دیا اور فرمایا: اس پر سوار ہوجا اور عمامہ بھی دیا اور فرمایا کہ اسے اپنے سر پر باندھ لے۔ ان کے بعض ساتھیوں (عبداللہ بن دینار رحمہ اللہ ) نے کہا:
اللہ تعالیٰ آپ کی مغفرت فرمائے! آپ نے اپنی آرام دہ سواری (گدھا) ان کو دے دیا اور عمامہ بھی ان کو دے دیا جسے آپ اپنے سر پر باندھتے تھے۔ پس اُنہوں نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ’’نیکیوں میں سے بڑی نیکی یہ ہے کہ آدمی اپنے باپ کے مرنے کے بعد ان کے دوستوں سے حسن سلوک کرے اور اس دیہاتی کا باپ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا دوست تھا۔ ‘‘ (صحیح مسلم:۲۵۵۲)
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کی اتباع کرنے والے اور ان سے بے پناہ محبت کرنے والے تھے اور اس کا اندازہ احادیث کے مطالعہسے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ سیدنا عبید رحمہ اللہ بن جریج روایت کرتے ہیں کہ اُنہوں نے سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا کہ چار باتیں ایسی ہیں کہ میں آپ کو ہی کرتے دیکھتا ہوں اور آپ کے دوسرے ساتھی ان پر عمل نہیں کرتے۔ (ان میں سے ایک چیز انہوں نے یہ ذکر کی کہ) آپ النعال السبتیۃ ’’بغیر بالوں والے جوتے‘‘ ہی پہنتے ہیں ۔ تو سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ نے جواب دیا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ بغیر بالوں والے جوتے ہی پہنتے تھے اور ان کو پہنے پہنے آپ وضو بھی فرماتے۔ اس لئے میں بھی ان کا پہننا ہی پسند کرتا ہوں ۔ (صحیح بخاری :۵۸۵۱)