کتاب: محدث شمارہ 316 - صفحہ 34
محرمات ِ احرام (وہ اُمورجو احرام کی حالت میں منع ہیں ) 52. اِحرام کی حالت میں بال کٹوانا، کاٹنا یا نوچنا حرام ہے۔ (البقرۃ:۱۹۶) کسی عذر کی وجہ سے بال کٹوانے پڑیں تو اس پر فدیہ ہے جو کہ چھ مسکینوں کا کھانا یعنی تین صاع (ساڑھے چھ کلو) غلہ بانٹنا یا تین روزے رکھنا یا پھر ایک بکرا ذبح کرنا ہے۔(صحیح مسلم:۸/۱۱۹،۱۲۰) 53. ناخن کاٹنا (مرد وزَن)،سلے ہوئے کپڑے پہن لینا،جرابیں پہن لینا، سر ڈھانپنا (مردوں ) اور خوشبو لگانا عورتوں اور مردوں کے لیے حرام ہے۔(صحیح بخاری:۱۵۴۲) 54. عورتوں کا دستانے پہننا اور نقاب( ڈھاٹا)باندھنا بھی منع ہے۔(صحیح بخاری:۱۸۳۸) لیکن وہ سر کے کپڑے سے غیر محرم لوگوں سے پردہ کریں ،جیساکہ اُمہات المؤمنین اور صحابیات رضی اللہ عنہن نے کیا تھا۔ (سنن ابوداؤد:۱۸۳۳) 55. نکاح و منگنی کرنا بھی منع ہے۔(صحیح مسلم:۹/۱۹۳) 56. جنگلی جانوروں کا شکار کرنا(المائدۃ:۹۵،۹۶)بھی منع ہے۔اگر غلطی سے شکار کر بیٹھے تو فدیہ دے(المائدۃ:۹۵)نیل گائے کے بدلے پالتو گائے اورہرن کے بدلے بکری ذبح کرے اور اگر مالی استطاعت نہ ہو تو ایسے جانوروں کی قیمت لگا کر اس کے برابر غلہ بنایا جائے اور پھر ہر ایک صاع(دوکلو)کے بدلے ایک روزہ رکھیں (تفسیر ابن کثیر مترجم اردو ۲/۲۲تا۲۷) بجّوکے شکار کے بدلے مینڈھا ہے۔(ابوداؤد،ترمذی،نسائی،ابن ماجہ،ابن حبان،ابن خزیمہ، دارقطنی،بیہقی،مستدرک حاکم،مسند احمد،ابو یعلی) خرگوش کے شکار پر بکری کا ایک سال سے چھوٹا بچہ(موطا مالک،مسند شافعی،بیہقی) جنگلی گدھے کے شکار پر گائے(بیہقی) کبوتر پر بکری (مسند شافعی) لومڑی اور گوہ پر بھی بکری کا ایک سال کا بچہ فدیہ ہے۔ (مسند شافعی، تلخیص الحبیر: ۱/۲۸۱،۲۸۸) 57. جماع(ہم بستری)،بوس وکنار، بدکاری ومعصیت اور لڑائی جھگڑا بھی منع وحرام ہے۔ (البقرۃ:۱۹۷)جماع سے حج باطل ہوجاتا ہے اور بوس و کنار سے حج باطل تو نہیں ہوتا مگر اس پر دَم ہے۔ (المغنی ۳/۳۱۰،الفتح الربانی ۱۱/۲۳۳،۲۳۶) 58. بلاکسی اہم ضرورت کے کنگھا کرنا مکروہ ہے۔ (شرح مسلم نووی ۴/۸/۱۴۰)