کتاب: محدث شمارہ 316 - صفحہ 32
حدود ِ حرم میں داخل ہوسکتا ہے۔
42. پاک وہند سے ہوائی جہاز سے آنے والے لوگ اِحرام کی چادریں اور خواتین احرام کے کپڑے پہن کر چلیں اور جہاز کے عملے کے یہ بتانے پر کہ میقات سے گزرنے لگے ہیں ، وہاں سے لَبَّـیْکَ پکارنا شروع کردیں ۔ ہوائی مسافروں کا جہاز میقات سے گزر کر جدہ آتا ہے، لہٰذا ان کے لئے جدہ میقات نہیں ہے۔ (تنبیہات علیٰ أنَّ جدۃ لیست میقاتًا للشیخ ابن حمید والمرعاۃ ۶/۲۳۵تا۲۳۸)
اِحرام باندھنے کا طریقہ
43. غسل کرکے اِحرام باندھنا سنت ہے۔( جامع ترمذی:۸۳۰) حیض والی عورتیں بھی غسل کر لیں اور اِحرام باندھ لیں ۔(صحیح مسلم: ۱۲۰۹)کسی وجہ سے غسل نہ کر سکیں تو بھی کوئی حرج نہیں ۔ (شرح مسلم از نووی،الفتح الربانی: ۱۱/۱۲۳)
غسل یا وضو کرکے اِحرام کی نیت کرنے سے پہلے مردوں کا بدن پر خوشبو لگانا جائز ہے، چاہے اس کا اثر بعد میں دیر تک ہی کیوں نہ رہے۔
(صحیح بخاری:۵۹۲۸)
44. مرد،دوسفید چادریں لے لیں ۔ عورتیں معمول کا صاف ستھرا اور موٹا و ساتر لباس ہی بطور ِ احرام استعمال کرلیں ۔ مرد سر کو ننگا رکھیں اور ایسا جوتا پہنیں جو ٹخنوں کو نہ ڈھانپے۔۔عورتیں دستانے نہ پہنیں اور نہ ہی منہ پر نقاب باندھیں ،البتہ غیر محرم لوگوں کی موجودگی میں سر سے کپڑا لٹکا کر پردہ کریں ۔ (سنن ابوداؤد:۱۸۳۳)
45. اِحرام کے لیے کوئی مخصوص نماز نہیں ۔فرض،اشراق،ضحی،تحیۃ الوضو یا تحیۃ المسجد کی رکعتیں پڑھ لیں تو وہی کافی ہیں ۔(مجموع فتاویٰ ابن تیمیہ ۲۶/۱۰۸،۱۰۹) بعض احادیث کی رو سے جمہور علما کے نزدیک یہ دو رکعتیں مستحب ہیں اور ان کا وقت اِحرام باندھنے کے بعد اورلَبَّیْک پکارنا شروع کرنے سے پہلے ہے۔ (صحیح بخاری :۱۵۵۴)
46. صرف عمرہ یا افضل ترین حج تمتع کا عمرہ کرنے والا دل میں نیت کرلے اور یہ الفاظ کہنا بھی ثابت ہے:((اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ عُمْرَۃً)) ’’اے اللہ! میں عمرہ کے لیے حاضر ہوا ہوں ۔‘‘ اور اگر حجِ قران کرنا ہو تو یہ کہیں :((اَللّٰہُمَّ لَبَّیْکَ حَجَّاً وَ عُمْرَۃً))