کتاب: محدث شمارہ 316 - صفحہ 29
19. حجِ بدل عورت، مرد کی طرف سے ( صحیح بخاری:۱۵۱۳) مرد، عورت کی طرف سے (صحیح بخاری: ۶۶۹۹) عورت، عورت کی طرف سے(صحیح مسلم: ۱۱۴۹) اور مرد مرد کی طرف سے کرسکتے ہیں ۔ (سنن ابوداؤد:۱۸۱۱) 20. حجِ بدل کرنے والے کے لئے شرط ہے کہ وہ پہلے اپنی طرف سے فریضۂ حج اداکرچکا ہو۔ (سنن ابوداؤد: ۱۸۱۱) سفرِحج وعمرہ پر روانگی 21. تقویٰ وپرہیزگاری کو اختیار کریں کہ یہی بہترین زاد ِراہ ہے۔ (البقرۃ:۱۹۷) 22. پورے سفرِ حج کے دوران بیہودہ وشہوانی افعال واقوال، لڑائی جھگڑے اور فسق و فجور سے بچیں ۔ (البقرۃ:۱۹۷ ) 23. روانگی سے قبل خلوصِ نیت سے سابقہ تمام گناہوں سے توبہ کرلیں ۔(النور:۳۱) اس طرح سابقہ تمام گناہوں سے پلوپاک ہوجائے گا۔ (سنن ابن ماجہ:۴۲۵۰) 24. اگر آپ کے ذمے کسی کا کوئی حق یا امانت ہو تو وہ ادا کردیں ۔(النساء:۵۸) 25. خلوص وللہیت اختیار کریں کہ یہ قبولیت ِ عمل کیبنیادی شرط ہے۔ (البینۃ:۵) 26. مالِ حلال سے حج وعمرہ کریں ، ورنہ قبولیت ناممکن ہے۔ (البقرۃ:۱۷۲، المؤمنون:۵۱ ) 27. سفرِ حج وعمرہ کے دوران خصوصاً اور عام حالات میں عموماً ممنوع زیب وزینت مثلاً داڑھی منڈوانا(بخاری:۵۸۹۲،۵۸۹۳) اور مردوں کا سونے کی انگوٹھی یا چین وغیرہ کا استعمال کرنا (بخاری:۵۸۶۴) حرام و فسق ہے۔ 28. زندگی بھر عموماً اور سفرِ حج وعمرہ میں خصوصاً اپنے آپ کو اعمال کے برباد کردینے والے شرک (الانعام:۸۹،الزمر:۶۵) اور فتنہ و دردناک عذاب کا باعث بننے اور جہنم لے جانے والی بدعات( النور:۶۳ وصحیح مسلم ) کی تمام الائشوں سے پاک رکھیں ۔ 29. سفرِ حج وعمرہ پر کسی بھی دن نکل سکتے ہیں ،البتہ مسنون ومستحب دن جمعرات(صحیح بخاری: ۲۹۴۹) اور صبح کا وقت( ابوداؤد:۲۶۰۶) یا پھر کم از کم دوپہر وزوالِ آفتاب کا وقت ہے۔ (صحیح بخاری :۱۰۸۹)