کتاب: محدث شمارہ 316 - صفحہ 2
کتاب: محدث شمارہ 316
مصنف: حافظ عبد الرحمن مدنی
پبلیشر: مجلس التحقیق الاسلامی لاہور
ترجمہ:
بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ
فکر ونظر
امریکہ کی سرپرستی میں
خوفناک مستقبل کی طرف بڑھتا ہوا پاکستان!
انسانی تاریخ کا یہ دور مغرب (یورپ اور امریکہ) کی برتری، تحکم، تسلط اور حکومت و اِقتدار سے عبارت ہے۔ یہ امر ایک مسلمہ حقیقت ہے اور مستقبل کا مؤرخ جب بھی موجودہ دور کی تاریخ لکھے گا تو وہ بھی یہی رائے دینے پر مجبور ہوگا۔ بالخصوص عالم اسلام بڑی شدت سے اسی صورتحال کا سامنا کررہا ہے۔ اس منظرنامے کی وجہ جہاں مسلمانوں کی کوتاہی، بدعملی اور نااتفاقی میں پوشیدہ ہے، وہاں مغربی قوتوں کا باہمی اتحاد واشتراک اور غیروں کے لئے ان کی متفقہ حکمت ِعملی اس کی اہم ترین وجہ ہے۔ مغربی اقوام اپنے لاؤ لشکراور تدبیر وعمل کی تمام صورتوں سمیت عالم اسلام پر چڑھ دوڑی ہیں ، صلاحیتوں کو بامقصد رخ دینے کے لئے اُنہوں نے متعین اہداف اور مشترکہ دشمن کو نیچا دکھانے پر اپنی قوم کی صلاحیتیں کھپا دی ہیں ۔ بظاہر اپنے موقف کو علم واستدلال اور حقائق کا نمائندہ قراردیا جاتا ہے لیکن درحقیقت اس دعوے کے پس پردہ سوفیصد جبر وتسلط اور قوت کا اُصول کارفرما ہوتاہے۔اس دور کا المیہ اور نوحہ یہ ہے کہ بے خدا قوتوں نے زمینی اور طبعی بنیادوں پر اپنی قوموں کی اس نہج پر تعمیر کر لی ہے، غیروں کو قابو میں کرنے کے وسائل اور تدابیر پر لگاتار محنت کے بعد اُنہوں نے بظاہر ایک جال اس طرح تان دیا ہے کہ اس میں دوسروں کے لئے سانس لینے اور پرمارنے کی کوئی گنجائش نہیں چھوڑی !
مغرب کا یہ تسلط جہاں بظاہر سائنس اور ظاہری وسائلِ اقتدار پر قبضہ کا نتیجہ ہے، وہاں داخلی طورپر مغربی تہذیب نے ایسے غلط انسانی رویوں کی تسکین سے مدد لی ہے جو خیر و شر میں کشمکش پیدا کرنے کے لئے خالقِ کائنات نے روزِ اوّل سے انسان کی سرشت میں رکھ چھوڑے ہیں ۔ مغرب کی بے خدا تہذیب انسان کے وقتی، ظاہری اور شیطانی مفادات کی تکمیل