کتاب: محدث شمارہ 315 - صفحہ 4
ایسی سیکولر جماعتوں کو صدقہ، زکوٰۃ حاصل کرنے میں اس بناپر کامیابی حاصل ہوجاتی ہے کہ لوگ زکوٰۃ کو کسی بھی کارِ خیر بلکہ عوامی کام کا مناسب مصرف سمجھتے ہیں ، جبکہ اسلام کا تصورِ صدقہ وخیرات ایک غیرمسلم کے ’ڈونیشن‘ کے تصور سے کافی مختلف ہے۔
زیر نظر تحریر میں یہی کوشش کی گئی ہے کہ زکوٰۃ وصدقات کے حوالے سے اسلامی مصارف کو کتاب وسنت سے پیش کیا جائے تاکہ جو لوگ اللہ کو راضی کرنے اور اپنا شرعی فرض ادا کرنے کے لئے اپنے مال کو خرچ کرنے پر آمادہ ہوجاتے ہیں ، وہ محض لاعلمی کی بنا پر اس کو درست جگہ پر صر ف نہ کرکے اپنے فریضے کی ادائیگی سے محروم نہ رہ جائیں ۔
اسلام نے نماز کی طرح ہرصاحب ِنصاب مسلمان پر زکوٰۃ کو فرض قرارد یا ہے، اوریہ فریضہ نہ صرف اسلام کے بنیادی پانچ ارکان سے ہے بلکہ ہمیشہ سے اللہ کے فرستادہ پیغمبروں میں جاری وساری رہا ہے۔ اسلامی تقاضوں کے مطابق اس کی ادائیگی کے بڑے فضائل اور اس کو نظر انداز کرنے والوں کے بارے میں بڑی سنگین وعیدیں زبانِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم سے ادا ہوئی ہیں ۔ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے زکوٰۃ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کلمۂ طیبہ کے اقرار کے باوجود کبار صحابہ رضی اللہ عنہم کی معیت میں جنگ جیسا سنگین اقدام کیا۔مسلمان رمضان المبارک میں زکوٰۃ اس لئے ادا کرتے ہیں کہ زکوٰۃ کے لئے ضرورت سے زائد مال پر ایک سال گزرنا ضروری ہے، چنانچہ آسانی اور حصولِ برکت کے لئے رمضان کے مہینے میں اس فریضے کا پورا کیا جانا مسلم معاشروں کی روایت بن چکا ہے۔ رمضان المبارک میں ثواب کا کئی گنا بڑھ جانا بھی اس مہینے میں ادائیگی زکوٰۃ کا ایک سبب ٹھہرتا ہے۔
اگر زکوٰۃ کے نصاب اور اَحکام پر ایک نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے معاشرے کے نصف سے زائد لوگ زکوٰۃ ادا کرنے کے قابل ہیں ، لیکن دینی احکامات سے لاعلمی، مادیت پرستی اور بے عملی کے باعث ۵ فیصد سے بھی کم لوگ بہ مشکل زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور ان میں بھی اسلامی احکامات کی مکمل پاسداری کرنے اور پوری طرح زکوٰ ۃ ادا کرنے والوں کی تعداد بلامبالغہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ جیسا کہ آئندہ صفحات میں اس حوالے سے بعض حیلوں اور شبہات کا تذکرہ بھی کیا جارہا ہے جن کا متدین مسلمان بھی شکار ہوجاتے ہیں ۔اگر کسی مسلم معاشرے میں زکوٰۃ کو صحیح طور سے ادا کیا جائے تو اس معاشرے سے غربت اور محتاجی کا یقینی خاتمہ ہوسکتا ہے، جیسا کہ ماضی میں اس کا تجربہ کئی بار ہوچکا ہے۔