کتاب: محدث شمارہ 315 - صفحہ 12
یہی موقف اختیا رکیا ہے ، لکھتے ہیں :
’’جو شخص اپنے فسق وفجور کو ظاہر کرنے والا ہو، اباحیت پر قائم رہنے والا ہو ، اسے اس وقت زکوٰۃ کا مال دینا جائز نہیں جب تک وہ سرکشی نہ چھوڑدے اور توبہ کااعلان نہ کرے۔ ‘‘ (۲/۷۰۹)
علامہ ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ سے بدعتی اور بے نماز شخص کو زکوٰۃ دینے کے بارے میں پوچھا گیا تو فرمایا:
’’ایسے مستحق فقیر، مسکین اور مقروض کو زکوٰۃ دینی چاہئے جو دین دار اور پابند ِشرع ہو۔بدعات اور فسق وفجور کو ظاہر کرنے والا تو سزا کامستحق ہے، اس سے تعاون کرنے کی بجائے اس سے قطع تعلقی کرنا اور اس کو توبہ کی طرف راغب کر نا چاہئے۔اسی طرح
بے نما زشخص سے نماز پڑھنے کا وعدہ لیا جائے، اگر وہ نماز کی پابندی کا وعدہ کرے تو اسے زکوٰۃ دی جائے، ورنہ نہیں ۔ جب تک بے نماز شخص توبہ نہیں کرتا، اسے زکوٰۃ سے کچھ نہیں دیا جائے گا۔‘‘ (فتاویٰ ابن تیمیہ: ۲۵/۸۷، الاختیارات الفقہیۃ:ص۶۱)
سعودی عرب کی دائمی فتویٰ کونسل کے مطابق بھی جو ضرورت مندشخص نماز نہیں پڑھتا، اسے زکوٰۃ دینا جائز نہیں ۔ (فتاوٰی اللجنۃ الدائمۃ: ۱۰/۳۱)
شیخ محمد بن صالح بن عثیمین رحمۃ اللہ علیہ کا فتویٰ یہ ہے کہ فاسق ونافرمان کے بالمقابل باعمل مسلمان کو زکوٰۃ دینا کہیں زیادہ افضل ہے۔
(مجموع فتاوی شیخ ابن عثیمین: ۱۸/۴۳۳)
اس سلسلے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک مستند فرمان بھی پیش کیا جاتا ہے:
((لا تصحب إلا مؤمنا ولا یأکل طعامک إلا تقي)) (مسند احمد: ۳/۳۸ )
’’تجھے مؤمن کی صحبت ہی اختیار کرنا چاہئے او رتیرا کھانا(مال) کوئی متقی شخص ہی کھائے۔‘‘
مذکورہ بالا ہسپتالوں میں یہ سوال ہی خارج از بحث ہے کہ وہاں باعمل مسلمانوں کو کوئی ترجیح دی جائے کیونکہ ان کو چلانے والے بھی اِلا ماشاء اللہ دینی احکام اور اقدار سے کافی دور ہیں ۔ قرآنِ کریم تومسلمانوں کویہ کہتا ہے :
﴿ اَفَمَنْ کَانَ مُؤمِنًا کَمَنَ کَانَ فَاسِقًا لاَ یَسْتَوُوْنَ ﴾ (السجدۃ:۱۸)
’’کیا ایمان دارشخص اور فاسق وفاجر دونوں ایک جیسے ہیں ، یہ برابر نہیں ہوسکتے۔‘‘
اس کے بالمقابل ماضی میں جن دینی اداروں کو زکوٰۃ دی جاتی رہی ہے، یہ کہا جاسکتا ہے کہ وہ لوگ عملاً شریعت پر عمل پیرا ہونے میں باقی معاشرے سے کافی ممتاز ہیں ۔ کیونکہ یہی وہ دینی ادارے ہیں جہاں فلم و موسیقی سے احتراز کیا جاتا ہے، معاشرے میں اسلامی شعائر مثلاً داڑھی اور پردہ وغیرہ پر دینی مدارس اور تنظیموں سے وابستہ لوگ ہی سب سے زیادہ کاربند ہیں