کتاب: ماہنامہ شمارہ 307 - صفحہ 71
آرا کا خلاصہ بھی پیش کیا گیا ہے جنہوں نے خاص طور پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات والا صفات کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔ ان میں ہمفری بریڈو، ایڈورڈگبن، ولیم میور، مارگولیتہ اور منٹگمری واٹ سرفہرست ہیں ۔
6. راقم الحروف نے اربابِ شاہ فہد کمپلیکس کی خواہش پر انگریزی زبان میں سنت کے بارے میں کتاب یا مضمون کی شکل میں جو کچھ لکھا گیا ہے، اسے ببلو گرافی کی شکل میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔یہ مقالہ کانفرنس میں پیش ہونے والے تمام مقالات میں صفحات کے اعتبار سے سب سے ضخیم تھا۔دو سو دس صفحات پر مشتمل اس ببلوگرافی میں آٹھ سو سے زیادہ کتب اور مضامین کا احاطہ کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سلسلہ میں یہ پہلی کوشش نہیں ہے بلکہ مجھ سے قبل جرمنی کے نو مسلم احمد وان ڈانفر نے یورپین زبانوں میں سنت واحادیث کی کتب اور تحریروں پر ایک ببلوگرافی شائع کی تھی جس میں انگریزی زبان کے ساڑھے تین سو ٹائٹل شامل تھے۔ یہ کتاب 1981ء میں اسلامک فاوٴنڈیشن لیسٹر (برطانیہ) سے شائع ہوئی۔ اس سے ایک سال قبل امریکہ کے محمد انیس اور عالیہ نسرین اطہر بھی اسی موضوع پر ایک ببلو گرافی شائع کرچکے تھے۔ گویا دونوں کتابوں میں 1980ء تک کی کتب کا احاطہ کیا گیا ہے۔ پچھلے تیئس سال میں چونکہ مسلم اہل قلم کی طرف سے اس موضوع پر بہت کچھ احاطہ تحریر میں لایا گیا ہے، اس لئے میری اصل کاوش اسی مرحلہ سے متعلق ہے، گویا پچھلی دونوں کتابوں پر میرے اس مقالہ میں پانچ سو کے لگ بھگ عناوین کا اضافہ کیا گیا ہے۔ 1980ء تک کتب ستہ میں سے صرف بخاری، مسلم اور سنن ابوداوٴد کے تراجم موجود تھے،اضافات میں سنن نسائی کی پہلی جلد، موطأ امام مالک کانیا ترجمہ اور احادیث ِرسول پر مبنی تفسیر ابن کثیر کا ترجمہ شامل ہے۔ ایسے ہی پہلی دونوں فہرستوں میں شیخ البانی کو جگہ نہیں ملی تھی، میری اس فہرست میں شیخ البانی کی کتاب صفة صلاة النبي صلی اللہ علیہ وسلم کا ترجمہ بقلم اسامہ حسن شامل ہے۔ حدیث اور سنت پر میرے ایم اے اور پی ایچ ڈی کے مطبوعہ اور غیر مطبوعہ مقالات کابھی تذکرہ ہے اور میری کوشش ہوگی کہ اس فہرست کے آئندہ ایڈیشن میں والد ِگرامی قدر شیخ الحدیث مولانا عبدالغفار حسن مدظلہ العالی کی تصنیف ’انتخابِ حدیث‘ کے انگریزی ترجمہ کابھی ذکر آجائے جو