کتاب: ماہنامہ شمارہ 307 - صفحہ 69
چند منتخب مقالات؛ تعارف وتذکرہ اس مختصر مضمون میں تمام 80 مقالات کے عناوین کا احاطہ تو نہیں کیا جاسکتا، ان چند مقالات کا تذکرہ کیا جارہا ہے جو راقم السطور کے لئے باعث ِکشش رہے : 1. ڈاکٹر عبداللہ بن محمدد مفو کا مقالہ بعنوان ’سنت ِنبوی کی خدمت میں جدید تکنیک کا حصہ‘: اس مقالہ میں صحیح بخاری کی چند احادیث کو موضوعِ بحث بنایا گیا ہے۔ احادیث کی اسانید کو ڈایا گرام کی شکل دی گئی ہے اور احادیث کے راویوں کو ثقاہت یا ضعف کے اعتبار سے مختلف رنگ دیے گئے ہیں اور پھر یہ ثابت کیا گیا ہے کہ ان راویوں میں کوئی بھی ضعیف راوی جگہ نہیں پاسکا۔ 2. ’مدینہ منورہ سے متعلق ہر قسم کی تحقیق کے لئے قائم شدہ مرکز‘ کے ڈائریکٹر عبدالباسط بن عبدالرزاق نے اس مرکز کا تعارف کرایا اور بتایا کہ یہ مرکز مدینہ منورہ کے قرب و جوار میں ہونے والے تمام غزوات کو اس شکل میں پیش کرنا چاہتا ہے کہ ناظرین اسکرین پر ان تمام مقامات کو دیکھ سکیں جہاں یہ غزوات پیش آئے تھے۔ نمونہ کے طور پر انہوں نے کمپیوٹر کی مدد سے اسکرین پر غزوھ اُحد کا ایک ابتدائی منظر بھی پیش کیا جس میں کفارِ مکہ کا مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے جبل اُحد کے دامن میں اپنی افواج کو جمع کرنا، مسلم مجاہدین کا جبل اُحد تک پہنچنا اور پھر افواجِ قریش کے سامنے پوزیشن لینا، تیر اندازوں کا عقب کی گھاٹی پرمتعین کیا جانا اور معرکہ کا انفرادی مقابلہ کی شکل میں آغاز ہونا دکھایا گیا تھا۔ چونکہ مقرر کے بارہ منٹ اسی تمہید میں نقطہ اختتام تک پہنچ گئے تھے، اس لئے سارا ہال جو بڑی محویت کے ساتھ اس منظر کو دیکھ رہا تھا، اس نشست کے صدر کی مداخلت کی بنا پر باقی روئداد دیکھنے سے محروم رہا۔ اس پیشکش میں کوئی انسانی ہیو لا نہیں ظاہر کیا گیا ،بلکہ لکیروں اور دائروں کی شکل میں عساکر کو پیش کیا گیا ۔ 3. ڈاکٹر یحییٰ بن ناصر کامقالہ بعنوان : ’حدیث ِنبوی اور عملی پریکٹس کی روشنی میں حجامت (سینگی لگوانا) کا تذکرہ‘:دنیا میں رائج مختلف طریقہ ہائے علاج میں حجامت ایک معروف طریقہ رہا ہے جس کی شکل یہ ہے کہ جسم سے فاسد خون کو ایک مخصوص آلہ کی مدد سے چوسا جاتا ہے اور اس مقصد کے لئے آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول جسم کے خاص خاص حصوں ہی کو حجامت کے لئے چنا جاتا ہے۔ یہ عمل کئی مرتبہ دہرانے سے کئی امراض کو شفا بخشتا ہے اور روز بروز اس