کتاب: ماہنامہ شمارہ 307 - صفحہ 68
5. ماضی و حال میں سنت و سیرت پر کئے گئے شبہات کا جائزہ اور تردید
٭ مستشرقین کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات اور شبہات
٭ ملحد اور مغرب زدہ عناصر کی طرف سے پیش کردہ اعتراضات اور شبہات
٭ صرف قرآن پر اکتفا کرنے کے دعویدار حضرات کے اعتراضات اور شبہات
٭ گمراہ فرقوں کی طرف سے اُٹھائے گئے اعتراضات اور شبہات
٭ عالمی انسائیکلو پیڈیاوٴں میں اُٹھائے گئے اعتراضات اور شبہات
٭ ان تمام اعتراضات اور شبہات کی تردید میں مسلمان علما کی کاوشوں کا تذکرہ
ان موضوعات پر لکھے گئے مقالات کی تعداد اَسّی تھی، چنانچہ ہر مقالہ کا خلاصہ پیش کرنے کے لئے کل سولہ نشستیں ترتیب دی گئیں جو تین دن پر محیط تھیں ۔ تمام مقالات عمدگی کے ساتہ طبع کئے گئے تھے اور ہر صاحب ِمقالہ کو اپنے مقالہ کا خلاصہ پیش کرنے کے لئے بارہ منٹ دیے گئے تھے، گویا ہر نشست میں پانچ مقالہ نگاروں نے شرکت کی۔ ہرنشست کا دورانیہ ڈیڑہ گھنٹہ رکھا گیا تھا جس میں آدھا گھنٹہ حاضرین مجلس کی طرف سے سوال و جواب یا علمی مشارکت کے لئے رکھا گیا تھا۔
مذاکرے کے افتتاحی اجلاس میں سعودی عرب کے وزیربرائے اسلامی امور، اوقاف، دعوت و تبلیغ شیخ صالح بن عبدالعزیز نے خصوصی شرکت کی اور مذکورہ دونوں عنوانات (سنت اور سیرت) کی اہمیت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس کے بعد اس نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا جو ’شاہ فہد کمپلیکس برائے طباعت ِقرآن‘ نے اپنی عظیم کاوشوں کے بارے میں ترتیب دی تھی اور جس میں مرکزی حیثیت اس نئے پروجیکٹ کو حاصل تھی جو سنت اور سیرت کی ایک جامع ویب سائٹ کی شکل میں عالم اسلام کو پیش کیا گیا تھا۔پہلے تو اس کا تعارف ایک بڑی اسکرین پر کرایا گیا اور پھر وزیر اوقاف نے باقاعدہ اس کے افتتاح کا اعلان کیا۔ نمائش میں نہ صرف شاہ فہد کمپلیکس بلکہ اڑتیس دوسرے سعودی اداروں کی مطبوعات بھی پیش کی گئی تھیں ۔