کتاب: ماہنامہ شمارہ 307 - صفحہ 65
رپورٹ ڈاکٹر صہیب حسن، لندن
مدینہ منورہ میں حدیث ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عالمی سمپوزیم
سعودی عرب کے حالیہ دورے کے دوران یہ خبر سننے میں آئی کہ سعودی عرب کے نئے فرمانروا شاہ عبداللہ اپنے پیش رو شاہ فہد کے مدینہ منورہ میں ’قرآن کمپلیکس‘ کی طرح خود بھی اسلام کی خدمت کے کسی عظیم الشان منصوبہ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لئے ’حدیث کمپلیکس‘ کا منصوبہ اُنہیں پیش کیا گیا ہے۔ یہ خبر حدیث وسنت ِنبوی سے محبت کرنے والوں کے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اُنہیں جلد ہی اس بابرکت کام کے آغاز کی سعادت سے بہرہ ور فرمائیں ۔
حدیث نبوی پر ایک عالمی سمپوزیم کچھ عرصہ قبل مدینہ منورہ میں منعقد ہوا تھا جس کی رپورٹ بعض ادارتی وجوہ سے تاخیر سے شائع ہورہی ہے لیکن اس کی افادیت تاحال برقرار ہے۔ قارئین کو اس رپورٹ سے حدیث ِنبوی کے بارے میں علمی دنیا میں جاری مباحث اور موضوعات کا بھی علم حاصل ہوگا۔
(ح م)
پچھلے سال شوال 1424ھ میں کنگ فہد کمپلیکس مدینہ منورہ میں ایک علمی مذاکرے (سمپوزیم) کاانعقاد طے پایا،جس کا موضوع تھا :
’سنت اور سیرتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق سعودی عرب کی مساعی ‘
یہ مذاکرہ شوال میں تو نہ ہوسکا لیکن 15 تا 17 ربیع الاوّل 1425ھ (4 تا 6 مئی 2004ء) میں بالآخر منعقد ہوا جس میں راقم کو بھی شرکت کی سعادت حاصل ہوئی،ان سطور میں اسی مذاکرے کا بیان مقصود ہے۔ تحقیقی مقالات کے لئے ایک سال قبل ہی بلادِ عرب و اسلام کے مختلف اساتذہ اور محققین سے ان پانچ بنیادی عنوانات پر رابطہ کرلیا گیا تھا :
1.سنت ِنبوی صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل مقام اور اسلامی قانون سازی میں اس کا حجت ہونا
اس موضوع کے تحت ذیلی عنوانات میں سنت کا وحی ہونا، قانون سازی کے اعتبار سے دوسرا مصدر ہونا، اخبار آحاد کا عقائد اور احکام میں قابل اعتبار ہونا، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں احادیث کالکھا جانا وغیرہ شامل تھے۔