کتاب: محدث شمارہ 306 - صفحہ 64
کہ اگر کسی شرعی مجبوری کی بنا پر مُسنۃ میسر نہ ہوسکے تو بھیڑ کا جذعہ قُربانی کرنا جائز ہے۔ یہاں مناسب ہوگا کہ لفظ جذعۃ کی بھی کچھ وضاحت ہوجائے کیونکہ بعض لوگ اس لفظ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بالکل چھوٹے چھوٹے جانور قربانی کے لئے ذبح کرلیتے ہیں اور تمام جانوروں کے بچوں کو بطورِ قربانی ذبح کرنا جائز بھی سمجھتے ہیں حالانکہ صحیح مسلم کی اس حدیث سے بالکل واضح ہوتا ہے کہ جذعۃ یعنی بھیڑ کا بچہ اسی صورت میں قربانی کرنا جائز ہے جب کوئی ایسی مجبوری پیدا ہوجائے جس کے پیش نظر دوندا ملنامحال ہوجائے بصورتِ دیگر نہیں ۔ رہی بات لفظ جذعۃ تو یہ لفظ مضبوط اور قوی کے معنی میں آتا ہے، نیز یہ مُسنَّۃ کا نصف ہوتا ہے۔ اب جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جذعۃ من الضأن کی قید لگا دی تو ظاہر یہ ہوا کہ دوندا نہ ملنے کی صورت میں جذعۃ قربان کیا جاسکتا ہے لیکن وہ جنس بھیڑ سے ہو نہ کہ کسی اور جنس سے۔ جیساکہ اس بات کو حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے فتح الباری میں اور علامہ ابن عثیمین نے الشرح المُمتع میں راجح قرار دیا ہے۔ بعض اہل علم نے اس بات کو واضح کیا کہ جذعۃ ضأن تقریباً گیارہ سے بارہ ماہ تک کے بھیڑ کے بچے کوکہتے ہیں ۔ واللہ اعلم٭ 2. قربانی کا جانور موٹا تازہ اور صحت مند ہونا چاہئے۔ (سنن ابوداؤد، جامع ترمذی) 3. قربانی کے لئے کمزور، بیمار، لاغر، لنگڑا، معذور، کانا، بھینگا، کان کٹا اور سینگ ٹوٹا، یعنی ناقص و عیب دار جانور نہیں ہونا چاہئے۔ (سنن ابوداؤد، جامع ترمذی، سنن ابن ماجہ، سنن دارمی) 4. خصی جانور کی قربانی کرنا جائز ہے کیونکہ خصی ہونا کوئی نقص نہیں ہے۔ (مسنداحمد، سنن ابوداؤد، سنن نسائی، ابن ماجہ، سنن دارمی) 5. آلاتِ قربانی مثلاً چھری، ٹوکہ وغیرہ جانوروں سے چھپا کر تیز کریں ٭ نیز ایک جانور کو دوسرے کے سامنے ذبح کرنے سے پرہیز کریں کیونکہ اس عمل سے جانور تکلیف محسوس کرتے ہیں ۔ (معجم طبرانی، مستدرک حاکم) 6. قربانی کا جانور مالک خود ذبح کرے یا پھر کم از کم بوقت ِ ذبح قریب کھڑا رہے کیونکہ جانور _______________ ٭ اس سلسلے میں مزید تفصیل کے لیے محدث کے شمارہ اپریل 1999ء میں شائع ہونے والا مضمون ملاحظہ کریں : ’’ جذعۃ من الضان کی تحقیق ‘‘ از مولانا عبد الرحمن عزیز الہ آبادی ٭ مزید تفصیل کے لیے : جانور ذبح کرنے کا اسلامی طریقہ ازڈاکٹر شفیق الرحمٰن کیلانی ( مطبوعہ محدث اپریل 2000ء)
[1] سماحۃ الإسلام للحوفي،ص ۵۶ [2] کتاب الخراج :۱۳۶