کتاب: محدث شمارہ 302 - صفحہ 57
ایک آپریشن کم از کم آدھ گھنٹے پر محیط ہوتا ہے جس میں بسااوقات بے حجابی کا خدشہ ہوتاہے؟ جواب: مرد کا علاج مرد کرے اور عورت کو صرف عورتوں کا علاج کرنا چاہئے ، البتہ دوسرا ڈاکٹر ملنا ممکن نہ ہو تب بصورتِ اضطرار اس کا جواز ہے۔ ٭ سوال:کیا مسلمان معلمہ یا واعظہ کادرس مرد حضرات کسی آڈیو سی ڈی / کیسٹ کے ذریعے سن کر استفادہ کرسکتے ہیں ؟ جواب: عورت کا درس بذریعہ کیسٹ وغیرہ سنا جاسکتا ہے۔ عہد ِنبوت میں عورتیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسائل دریافت کرتی تھیں ،بعد میں خلفا کا عمل بھی اس پر رہا۔ راجح مسلک کے مطابق عورت کی آواز پردہ نہیں ۔ ٭ سوال:نفسیاتی بیماریوں اور ذہنی الجھنوں کا موسیقی کی دُھنوں کے ذریعے علاج (Music therapy) جسے ’روحانی علاج‘ کا نام دیا جاتا ہے، شرعاًکیسا ہے؟ جواب: موسیقی کی دھنوں سے علاج کرنا حرام ہے کیونکہ یہ شیطانی آواز ہے۔ حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ آیت ِکریمہ﴿وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّشْتَرِيْ لَھْوَ الْحَدِیْثِ﴾ غناء اور مزامیر کے بارے میں نازل ہوئی ہے۔ (تفسیر ابن کثیر:۳/۵۸۳) ٭ سوال:کیا ہم خواب کی کسی ایسی تعبیر کو تسلیم کرسکتے ہیں جو اسلامی احکام کے منافی ہو؟ جواب:خواب کی تعبیر صرف اسلامی احکام و مسائل کے ماہر سے کرانی چاہئے اور دینی تعلیمات کے خلاف تعبیر کو تسلیم نہیں کرنا چاہئے۔ ٭ سوال: اسلام میں عورت کے لئے پردہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ان مقامات پر جہاں خواتین کے لئے پردہ کابندوبست نہ ہو یا جہاں سے مرد حضرات کا زیادہ گزر ہو تو کیا وہاں عورتوں کی نماز ہوجائے گی؟اور اگر عورت بے پردگی کی وجہ سے نماز قضا کرلے اور بعد میں کسی پردہ والی جگہ نماز ادا کرلے تو اس بارے میں شرعی طور پر کیا حکم ہوگا؟ جواب:عورت باپردہ جہاں بھی نماز ادا کرے، بامر مجبوری ہوجائے گی۔ حتیٰ المقدور کوشش کرنی چاہئے کہ نماز قضا کی بجائے اپنے وقت میں ادا ہو۔لایکلف ﷲ نفسا إلا وسعہا