کتاب: محدث شمارہ 30 - صفحہ 40
آغازِ کتاب میں آربری کا لکھا ہوا مقدمہ ہے۔ مترجم ڈاکٹر محمد حسن نے آربری کی بعض فروگزاشتوں پر گرفت کی ہے اور حقائق کے نئے گوشے سامنے لائے ہیں۔ ابوبکر کلا بازی رحمہ اللہ نے پہلے تیس ابواب میں صوفیا کے عقائد پیش کئے ہیں۔ باب ۳۱ تا ۵۱ میں صوفیا کے مسائل و احوال کا تذکرہ ہے۔ باب ۵۲ تا ۶۳ میں ان کی بعض عبارتوں اور اصطلاحوں کی تشریح ہے اور باب ۶۴ تا ۷۵ میں دوسرے متفرق مسائل پر گفتگو کی ہے۔ تصوف کے موضوع پر یہ کتاب واقعی ایک اہم دستاویز ہے۔ مترجم موصوف اس سے پہلے کئی کتابوں کا ترجمہ کر چکے ہیں اور اس میدان میں خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ترجمہ شگفتہ اور رواں ہے۔ کتاب کے آخر میں اشاریہ منسلک ہے۔ جس سے کتاب کی اہمیت میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔... (ابو شاہد) نام کتاب : طبِّ نبوی مؤلف : حافظ نذر احمد صفحات: ۲۴۰ قیمت: ۵۰/۳-۵۰/۴ ملنے کا پتہ: مسلم اکادمی نذر منزل ۱۸/۲۹ محمد نگر لاہور رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مقدسہ نوع انسانی کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے جو کچھ فرمایا اور جو کچھ عملاً کر کے دکھایا دنیا نے آخر کار اسی کو معیار ٹھہرایا۔ آج جبکہ زندگی سے متعلق مختلف پہلوؤں کو الگ الگ نام دے کر تحقیق و انکشافات کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔ ماہرین حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و فرمودات کو حرفِ آخر تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ سیاست، معاشرت، ہیئت اور طبّ و صحت غرض ہر علم پر انتہا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات کی تصدیق کرتی ہے۔ طبِّ نبوی میں رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے ان ارشادات و معمولات کو یکجا کر دیا گیا ہے۔ جو صحت و حفظان سے متعلق ہیں اور اس ایمان و ایقان کے ساتھ پیش کیا گیا ہے کہ اس کو اپنانے سے نہ صرف جسمانی بلکہ نفسیاتی، روحانی امراض بھی دور ہو جاتے ہیں۔ طبّ نبوی کے ابواب پر نظر ڈالنے سے اس کی اہمیت کا اندازہ ہو سکتا ہے۔ صحت و حفظان صحت، بیمار اور بیماری کا فلسفہ، علاج و معالجہ اور پرہیز، معالجاتِ نبوی، کھانا اور کھانے کے آداب، پانی پینے کے آداب، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی غذا، نشست و برخاست کے اصول، عیادت۔ ہرباب میں قرآنِ کریم اور احادیث، رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں بڑی تفصیل سے متعلقہ معلومات جمع کر دی گئی ہیں۔ طبِّ نبوی کوئی طب کی کتاب نہیں اور نہ ہی رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے منصب کے پیش نظر ایسی جسارت کی جا سکتی ہے بلکہ یہ کتاب حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے ایک خاص پہلو سے متعلق ہے اور اسی حیثیت سے اس کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ حافظ نذر احمد صاحب نے بڑی محنت اور بڑے سلیقے سے مرتب کیا ہے۔ (خواجہ عبد المنان رازؔ)