کتاب: محدث شمارہ 3 - صفحہ 15
نکاح شغار۔ وٹہ سٹہ
از افادات شیخ التفسیر حضرت مولانا حافظ محمد حسین امرتسری روپڑی رحمہ اللہ
ماہنامہ ’’محدث‘‘ لاہور شیخ التفسیر حافظ محمد حسین روپڑی، شیخ الحدیث حافظ عبد اللہ روپڑی اور خطیب ملت حافظ محمد اسماعیل روپڑی رحمہم اللہ اجمعین کے باقیات الصالحات سے ہے۔ اس لئے ادارۂ ’’محدث‘‘ گاہے بگاہے ان کے علمی اور تحقیقی مضامین شائع کرتا رہے گا تاکہ مرحومین کا فیض جاری ہے۔ زیر نظر مضمون شیخ التفسیر حافظ صاحب مرحوم کا ایک قلمی رسالہ ہے جو انہوں نے محققِ شہیر مولانا عبد القادر عارف حصاری کے مطالبہ پر تحریر کیا تھا لیکن مرحوم اپنی علالت کی وجہ سے اس پر نظرِ ثانی نہ فرما سکے۔
ادارہ ’’محدث‘‘ نے مسودہ سے ضروری نکات جمع کر کے اسے مرتب کیا ہے اور مجلس التحقیق الاسلامی لاہور کے فاضل رکن حافظ ثنا اللہ مدنی نے بعض مقامات پر تعلیق کا اہتمام کیا ہے۔
یہ مضمون اگرچہ خاصا علمی ہے لیکن امید ہے کہ تحقیق و علم کے شائقین اس سے ضرور مستفید ہوں گے۔ (ادارہ)
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔ الحمد للّٰہ الذی لم یتخذ ولدا ولم یکن لہ شریک فی الملک وخلق کل شیٔ فقدرہ تقدیرا وصلی اللّٰہ علی محمد النبی الامی المرسل الی الناس کافۃ بشیرا و نذیرا وعلی الہ وصحبہ وسلم تسلیما کثیرا۔
یہ رسالہ نکاح شغار میں ہے جسے پنجاب میں ’نکاح وٹہ سٹہ ‘ سے تعبیر کیا جاتا ہے۔