کتاب: محدث شمارہ 299 - صفحہ 77
قربت اور ناراضگی کی دلیل نہیں ،بلکہ اللہ اپنے نا فرمانوں مثلاً فرعون وہامان کو مسلمانوں سے زیادہ نوازتاہے تا کہ وہ سرکشی میں مزید بڑھ جائیں ۔(آلِ عمران:۱۷۸) اور آخرت میں ان کے لیے محض محرومی ہے(البقرۃ:۲۰۰) لیکن سکون واطمینان جو دنیا میں اسلام کا اصل ہدف اور ربّ کی نعمت عظمیٰ ہے، صرف اللہ پر ایمان لانے والوں کے لیے ہی مخصوص ہے۔
٭ آخری شہر سان فرانسسکو میں ۱۹ سے ۲۲/ اپریل کے دن گزرے۔ موضوع ’یونیورسٹیاں سماجی انصاف اورمذہبی آزادی‘ تھا۔یہاں امریکہ میں بدھ مت کے سب سے بڑے مرکز ’سان فرانسسکو زین سنٹر(Zen Centre)‘کی زیارت کی۔ یہاں کے سربراہ کی زبانی زین مت اور بدھ مت میں یہ فرق معلوم ہوا کہ بدھ مت پر مشرقی روایات غالب ہیں ، ان روایات کوچھوڑ کر بدھ مت کی فکر ی بنیادوں کو حاصل کرکے جب جاپان، کوریا اور چین وغیرہ میں اس کو زیر عمل لایاگیا تو اسی کو زین مت کا نام دیا گیا یعنی دونوں میں اصل فرق روایات اور کلچرکا ہے، فلسفہ ایک ہی ہے۔
امریکی آرمی کے نظم Presidioکے چیپلن Mr. Paul Chaffee سے Interfaith Centre میں ملاقات ہوئی، جنہوں نےUnited Religion Initiative کے نام سے تمام مذاہب پر مشتمل ایک ادارہ قائم کررکھا ہے جس کے ۲۱ نکاتی منشور سے متفق ہونے کے بعد دنیا بھر میں کوئی بھی اس کا رکن بن سکتا ہے۔سان فرانسسکو یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف تھیالوجی اینڈ ریلیجیسسٹڈیز کے تمام پروفیسرز سے بھی ایک ملاقات ہوئی جہاں ’اسلام اور دہشت گردی‘ کے حوالے سے مکالمہ ہوا۔بعد میں اسی یونیورسٹی کے ’سنٹر فار کیتھولک سٹڈیز اینڈ سوشل تھاٹ‘ کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی۔ رابطے کی زبان انگریزی تھی، البتہ مسلمانوں سے عربی میں بات چیت کرکے روحانی خوشی محسوس ہوتی۔
دورہ کے آغاز میں واشنگٹن میں ایک تعارفی / خیر مقدمی مجلس کی طرح آخر میں جائزہ (Evaluation)سیشن بھی ہوا، جس میں شرکا کے تاثرات اور تجاویز کے بعد محکمہ خارجہ کی طرف سے سر ٹیفکیٹ پیش کئے گئے اور دو طرفہ تشکر آمیز کلمات کے بعد پروگرام کا باضابطہ اختتام ہوا۔ (دورہ کے تاثرات اور مزید مشاہدات کے لئے اگلا شمارہ ملاحظہ فرمائیں ، ان شاء اللہ)