کتاب: محدث شمارہ 299 - صفحہ 74
خوش کن امریہ ہے کہ یہاں مسلم کمیونٹی بہت زیادہ فعال ہے۔ اور اس کی قیادت ایک راسخ العقیدہ اور انتہائی متحرک وفعال مسلمان نبیل بہکلے کررہے ہیں ۔ ان کی زیرنگرانی Pleasant Viewکے نام سے ایک معیاری مسلم سکول کی زیارت کا موقع بھی ملا۔ اس سکول کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی ہیں جو ۳۵ برس سے امریکہ میں قیام پذیر ہیں ۔ جناب نبیل کو بھی نائن الیون سے اگلی رات امریکہ چھوڑنے کا حکم ملا لیکن بعد میں ۷۵۰۰ ڈالر کی زر ضمانت، تمام حلقوں میں مقبول عام شخصیت اور سوسائٹی میں متحرک کردار کی وجہ سے امریکی عدالت کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔ موصوف یہودی/ فلسطینی مسئلہ پرخصوصی مہارت رکھتے ہیں ۔ان کی زیر سرپرستی مسلم کمیونٹی نے یہاں مختلف شارٹ کورسز کے علاوہ قرآن و حدیث اور تجوید کورسز کا اہتمام کررکھا ہے جو زیادہ ترہفتہ کے اختتام پر ہوتے ہیں ۔ حال ہی میں اُنہوں نے لوکل حکومت سے مارچ کا پورامہینہ اسلامی سرگرمیوں کے لئے مختص کرنے کی منظوری لینے میں کامیابی حاصل کی ہے جس میں وہ امریکہ اوردنیا بھر سے مسلم مقررین(مثلاًکیلی فورنیا کے نو مسلم امریکی نوجوان حمزہ یوسف اورلندن میں مقیم سابقہ معروف سنگر نو مسلم یوسف اسلام وغیرہ) کو اپنے ہاں دعوت دیتے ہیں اور وہ مختلف مذاہب سے وابستہ لوگوں کواسلام کی طرف دعوت دیتے ہیں ۔
یہاں سے ایک امریکی نوجوان غیاثی(Jyassi) میکنزی مدینہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے گیا اور ۲۰۰۰ء میں فراغت کے بعد سے اس شہر کے علمی وتبلیغی سرگرمیوں کی قیادت کر رہا ہے ۔۲۰۰۵ء میں قائم کردہ اسلامک دعوۃ سنٹر اور مسلم یوتھ آف میم فس کانفرنس کے ذریعے ہر