کتاب: محدث شمارہ 299 - صفحہ 70
رہتا ہے۔ پھر اس صحافی نے کہا کہ افسوس! دنیا بھر کے حالات سے واقف امریکی اور صر ف اپنے آپ میں مگن امریکی کا ووٹ یکساں حیثیت رکھتا ہے اور یہ لاعلم امریکی ملکی اور عالمی سیاست کا رخ بدل دیتے ہیں …!!
واشنگٹن میں مقیم رائے عامہ تشکیل دینے والے ادارے سے وابستہ ایک اہل کار کا تجزیہ بھی قابل ذکر ہے کہ امریکی عوام کی کوئی رائے نہیں ، گذشتہ ہفتہ جس بات کی شدید مذمت کی جارہی ہوتی ہے، ہفتہ بھر میں اس کے بارے میں رائے عامہ تبدیل ہوچکی ہوتی ہے اور اس میں سارا کردار میڈیا ادا کرتا ہے جو اعداد وشمار،مخصوص تجزیوں اور رپورٹنگ کے ذریعے ایک ذہنیت پیدا کرتا ہے۔ فاکس نیوز کے بارے میں مشہور ہے کہ وہاں بیشتر رپورٹیں سات سے زائد بار دہرائی جاتی ہیں ۔اسلئے امریکی عوام کی رائے الیکٹرانک میڈیا کے رحم وکرم پر ہے۔
٭ ہمیں واشنگٹن اور سان فرانسسکو کے درمیان مزید تین شہروں میں بھی قیام اور ملاقاتوں کا موقع ملا جن میں ریاست Ohio کا شہرCleveland، تین امریکی ریاستوں کا سنگم Memphis اور New Mexicoکا دار الحکومت Santa Fe شامل ہیں ۔ کلیو لینڈ ایک صنعتی شہر ہے جس کا شمار امریکہ کے ۱۰/اہم ترین شہروں میں ہوتا رہاہے لیکن ۱۹۷۰ء میں یہاں لوہے کی صنعت کو زوال آنے کے بعد اب اس شہر کو میڈیکل کی تعلیم اور سہولیات کا مرکز بنانے کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ یہاں کی سب سے مضبوط کمیونٹی یہودی ہیں جنہوں نے یہودیت کے فروغ کے لئے تعلیمی اداروں کے علاوہ یہودی میوزیم بھی قائم کررکھے ہیں ۔ قابل توجہ امر یہ ہے کہ امریکہ کے اسی شہر میں سب سے زیادہ فلسطینی تارکین وطن بھی رہائش پذیر ہیں ۔ یہ دونوں متضاد مناسبتیں ایک واضح پیغام دے رہی ہیں ۔ اس پر طرہ یہ کہ مسلم کمیونٹی یہاں نہ صرف غیر مستحکم ہے بلکہ ان میں مذہبی رجحانات بھی کافی کم ہیں ۔ اس شہر کے بعض