کتاب: محدث شمارہ 299 - صفحہ 114
دار الافتاء مولانا مفتی حافظ ثناء اللہ خاں مدنی
شیخ الحدیث جامعہ لاہور الاسلامیہ
موسم کی خرابی کی بنا پر نمازوں کوجمع کرنا، بہشتی دروازہ کی حیثیت
کیا قنوتِ نازلہ منسوخ ہوچکی؟شدید غصہ کی حالت میں طلاق
غیر مسلم مزنیہ سے نکاح کا حکم
٭ سوال:امریکہ میں ایک صاحب نے کسی غیر مسلم لڑکی سے جنسی تعلقات قائم کئے، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوگئی اور ایک بچہ کو جنم دیا۔کیا وہ اس لڑکی سے شادی کرسکتا ہے تاکہ اس بچے کا والد بن سکے؟ اسے بتلایا گیا ہے کہ تم اس لڑکی اور بچے کی کوئی مدد نہیں کرسکتے اور یہ کہ وہ بچہ تمہارا شمار نہیں ہوگا اورتم بچے سے نہیں مل سکتے۔ براہِ کرام فتویٰ عنایت فرمائیں ، جزاکم اللہ حافظ عبدالعظیم اسد (دارالسلام، لاہور)
جواب: مذکورہ شخص اگر زنا سے تائب ہوجائے تو سورۃ المائدۃ (آیت نمبر ۵) کے مطابق غیر مسلم کتابیہ عورت سے نکاح ہوسکتا ہے، دوسری کافر عورتوں سے نکاح کی شرعاً اجازت نہیں ۔ البتہ ولد الزنا کا نسب مذکورہ شخص سے قائم نہیں ہوسکتا اور نہ اس بچے کا اس زانی سے سلسلۂ وراثت قائم ہوسکتا ہے۔ ہاں البتہ انسانی ہمدردی کے تحت اس بچے سے کوئی حسن سلوک کرنا چاہے تو کرسکتا ہے، اس میں کوئی حرج نہیں ۔ واللہ اعلم!
حرمت ِمصاہرت کا مسئلہ
٭ سوال:تقریباً دس سال پہلے میری شادی ہوئی تھی اور شادی کے پانچ ماہ بعد ایک دن میں تیار ہورہی تھی کہ میرے سسر اچانک میرے کمرے میں آگئے اور اُنہوں نے میرا منہ چوما، ان کی اس حرکت کے بعد میں کمرے سے باہر نکل گئی، پھر شام کو میں نے اپنے شوہر سے بات کی، اُنہوں نے اپنی باجی سے بات کی اور ان سب نے مجھے کہا کہ یہ بات کسی سے نہ کرنا ،وہ